ہم وطن کو گولی مار کر ہلاک کرنے والے شہری کو سزائے موت
جمعرات 10 اپریل 2025 21:46
ابتدائی عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ میں پیش کیا گیا۔ (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن میں ہم وطن کے قاتل سعودی شہری کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا کہ سعودی شہری فھد بن عبدالرحمن بن فھد السبیعی نے اپنے ہم وطن حمد بن عبداللہ بن حمد الزمامی کو گولی مار دی تھی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
سیکیورٹی فورس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کا چالان عدالت میں پیش کردیا جہاں اقبال جرم اور شواہد کی بنیاد پر عدالت نے سزائے موت کا حکم صادر کردیا۔
قانون کے مطابق ابتدائی عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں اپیل رد ہونے پر سپریم کورٹ نے بھی سابقہ عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا۔
آخر میں ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل درآمد کا حکم دے دیا جس پر وزارت داخلہ نے جمعرات 10 اپریل 2025 کو مشرقی ریجن میں عمل درآمد کردیا۔
