پاکستانی ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں دکھادیا کہ اس میں کتنا ٹیلنٹ ہے، ڈاکٹر عبدالرحمن خلیل، شمشاد صدیقی ، ریاض بخاری اور دیگر کی مبارکباد
جدہ..... جدہ میں 8ویں آئی سی سی چمپیئن ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی ہند کے خلاف شاندارکامیابی پر کرکٹ کے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ شعبہ ہائے زندگی کے تمام حلقو ں سے تعلق رکھنے والے سیاسی، سماجی رہنماوں ،محنت کشوں،انجینیئرز ، ڈاکٹرز اور کھلاڑیوںنے ٹیم کی کامیابی پر بے پناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کیا اس کے بعد پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے ٹیم کے کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس کی بے حد تعریف کی۔خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور لوگوں نے گرمجوشی سے ایک دوسرے کو مبارکباد دیں۔ سعودی کرکٹ سینٹر (ایس سی سی ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ندیم ندوی نے پاکستان کی کامیابی پرپاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کی اس شاندار کامیابی کے بعد پاکستان میں دوبارہ انٹرنیشنل میچوں کے انعقاد کے بارے میں جلد آئی سی سی کو فیصلہ کرنا چاہیے۔سعودی نیشنل آل راؤنڈرڈاکٹر عبدالرحمن خلیل نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ بیٹسمینوں اور بولروں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے ثابت کردیا کہ ان میں کتنا ٹیلنٹ ہے۔پاک سرزمین فورم مڈل ایسٹ کے چیف آگنائزر شمشاد صدیقی ،ڈپٹی آرگنائزر ڈاکٹر محمد نعیم قائم خانی اور ارکان مجلس عاملہ نے پوری پاکستانی قوم کپتان کرکٹ ٹیم سرفراز اور تمام کھلاڑیوں سمیت ٹیم منجمنٹ کو چمپئین ٹرافی جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری کرکٹ ٹیم نے پاکستانی قوم کو عیدالفطر سے پہلے عید کی خوشیاں دیں جس پر ہم پاکستان کرکٹ ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان قومی یکجہتی فورم کے کنوینر سید ریاض حسین بخاری نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم اسپرٹ کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں ہمیں جیت کا تحفہ ملا۔ اصل چیز اسپرٹ اور جذبہ ہوتاہے ۔ اگرہم قومی معاملات میں بھی اسی طرح جذبہ اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں تو کوئی دشمن ہمیں شکست نہیں دے سکتا ہے۔ انھوں نے وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل باجوہ کی بھی تعریف کی جنہوں نے ٹیم کی کامیابی پر قوم اور کھلاڑیوںکومبارکباد دی اور کھلاڑیوں کے لئے عمرہ کی سعادت کا اعلان کیا۔ پاکستان انجینیئرز ویلفیئر فورم کے صدر ڈاکٹر عبدالعلیم خان نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ٹیم قوم کی دعاؤںسے چمپیئن آف دی چمپئین بن گئی۔انھوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے آنے والے ٹیلنٹ کی تعریف کی جنہوں نے موقع ملتے ہی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کردیا۔انھوں نے پاکستان ٹیم کی کامیابی میں ٹیم ورک، کوچ اور سلیکشن کمیٹی کوبھی کریڈٹ دیا۔مسرت خلیل نے پاکستان ٹیم کی اوول کے تاریخی میدان میں تاریخی فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے تمام اہل وطن کو فائنل جیتنے کی مبارکبا د دی اور کہا کہ ٹورنامنٹ میں سب کمزور تصور کرنے والی ٹیم نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم کو جس طرح شکست سے دوچار کیاوہ ہ ایک عرصہ تک یاد رہے گا۔