منامہ ....بحرینی وزیر خارجہ شیخ خالد آل خلیفہ نے کہا ہے کہ قطر کی پالیسی تضادات کا شکار ہے۔ ایک طرف وہ جی سی سی ممالک کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے کئے ہوئے ہے۔ انکی پابندی اس پر واجب ہے اور دوسری جانب باہر کے ممالک اور دہشتگرد تنظیموں کو اپنا اتحادی بنائے ہوئے ہے۔ آل خلیفہ نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر ٹویٹ کیا کہ یہ سمجھنا غلط ہے کہ علاقائی طاقتیں یہ سمجھ رہی ہوں کہ انکی مداخلت قطر کا بحران حل کرادیں گی۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ان طاقتوں کا مفاد پہلے سے موجود علاقائی نظام کے احترام میں مضمر ہے۔ علاقائی نظام ہی ہر ہنگامی مسئلہ حل کراسکتا ہے۔ آل خلیفہ نے کہا کہ قطر کے ساتھ اصل اختلاف سیاسی اور امن وامان کا ہے۔ فوجی مسئلہ کبھی نہیں تھا۔ غیر ملکی افواج کو اپنے یہاں طلب کرنے کا مطلب یہ ہے کہ قطر عسکری مسئلہ پیدا کررہا ہے اوراسے شدت کی جانب لیجارہا ہے۔ اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔