نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ گائے کے نام پر قتل و غارت گری کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔جمعرات کو احمد آباد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گائے کے نام پر جو کچھ ہورہا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔گائے کا تحفظ ضرور کیا جائے۔ مہاتما گاندھی اور آچاریہ سے زیادہ کسی نے بھی گائے کے تحفظ کی بات نہیں کی ہوگی لیکن گاندھی جی نے بھی گائے کے تحفظ کیلئے لوگوں کو قتل کرنے کی کبھی اجازت نہیں دی۔گئوبھکتی کے نام پر لوگوں کا قتل قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک عدم تشدد کا ملک ہے۔ہماری سرزمین مہاتماگاندھی کے ملک کی ہے ہم یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ معاشرے میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ تشدد کی کوئی انتہا نہیں ہوتی اور اس سے کبھی بھی مسائل حل نہیں ہوتے۔ انہوں نے زوردیا کہ ہند کو مہاتماگاندھی کے خوابوں کے مطابق بنایا جائے آیئے سب مل جل کر کام کریں۔ایسا انڈیا بنائیں جس پر جدوجہد آزادی کے ہمارے رہنما بھی فخر کریں۔