لندن.... ڈاکٹروں اور دندان سازوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کو چینی سے بچانے کیلئے مٹھائیوں کے پیکٹ پر بھی اسی طرح انتباہی نوٹ لکھیں جس طرح کے سگریٹ کے پیکٹوں پر تحریر ہوتا ہے۔ انکا کہناتھا کہ بچے مٹھائی کھا کر موٹے ہورہے ہیں اور انکے دانت خراب ہورہے ہیں اسلئے مٹھائیوں کے ریپر پر انتباہی نوٹ لکھا جائے کہ ”چینی سے مٹاپا چڑھتا ہے جبکہ دانت بھی خراب ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ سگریٹوں پر انتباہی نوٹ لکھنے کا سلسلہ 2008ءسے شروع ہوا تھا اور جب سے اب تک تمباکو نوشوں کی تعداد 21فیصد سے کم ہوکر 16فیصد ہوچکی ہے۔صحت حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ مٹھائیوں کے ریپر پر اس قسم کے انتباہی نوٹ سے بچے اسے کھانے سے گریز کریں گے اور یوں مٹاپے سے بچیں گے اور انکے دانت بھی محفوظ رہیں گے۔ برطانیہ میں اس وقت ہر تیسرا بچہ جس کی عمر 2سے 15سال کے درمیان ہے مٹاپے کا شکار ہے۔9سال یا اس سے زیادہ عمر کے 34ہزار بچوں کے دانت سڑ چکے ہیں۔ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسپتالوں میں داخلے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ انکے دانت خراب ہوجاتے ہیں۔