واشنگٹن۔۔۔۔امریکی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اور سابق وزیر اعظم شیخ حمد بن جاسم بن جبر آل ثانی قطر کا بائیکاٹ کرنیوالے عرب ممالک کے ساتھ محاذ آرائی کو کنٹرول کررہے ہیں۔ امریکی میگزین فارن پالیسی کا کہنا ہے کہ حمد بن جاسم کا ان دنوں امریکہ میں قیام قطر میں سیاسی بغاوت کے مترادف ہے بلکہ شیخہ موزہ المسند اور ان کی اولاد کی شکست جیسا ہے۔ امیر قطر تمیم شیخہ موزہ کی اولاد میں سرفہرست آتے ہیں۔ امریکی میگزین کا کہنا ہے کہ شیخ حمد بن جاسم کی امریکہ واپسی قطر میں سیاسی بغاوت کا پہلا نتیجہ ہے۔شیخ حمد بن خلیفہ اپنے بیٹے تمیم کے حق میں جب اقتدار سے دستبردار ہوئے تھے تو اس کی بنیادی شرط یہ تھی کہ شیخ حمد بن جاسم ان تمام سیاسی اور مالی امور سے کنارہ کش ہوجائیں گے جنہیں وہ شیخ حمد بن خلیفہ کے عہد میں دیکھ رہے تھے۔