مصر اور فلسطین کے لیے الاضاحی منصوبے کے تحت گوشت کی ترسیل
مصر اور فلسطین کے لیے الاضاحی منصوبے کے تحت گوشت کی ترسیل
جمعہ 7 فروری 2025 23:09
مصری اور فلسطینی سفرا نے مملکت کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو ایس پی اے)
مصر میں متعین سعودی عرب کے نائب سفیر عبدالرحمن بن سالم الدھاس نے مصری نمائندے میجرجنرل محمد رضا اور مصر میں فلسطینی سفیر ونمائندے دیاب اللوح کو مملکت کے الاضاحی منصوبے کے تحت قربانی کے گوشت کی شپمنٹ حوالے کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مملکت کا الاضاحی منصوبے کے تحت قربانی کے گوشت کو محفوظ کرکے مختلف ممالک کو بھیجا کیا جاتا ہے تاکہ گوشت ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا جاسکے۔
منصوبے کے تحت سعودی سفیر نے مصر اور فلسطینی نمائندوں کو 30 ہزار ذبح شدہ جانور حوالے کرنے کی دستاویز پر دستخط کیے۔ اس موقع پر الاضحی منصوبے کے سپروائزر سعد بن عبدالرحمان الوابل بھی موجود تھے۔
الاضاحی پروجیکٹ کے جنرل سپروائزر الوابل نے بتایا منصوبے کے تحت سعودی عرب کی جانب سے 26 اسلامی ممالک کو قربانی کا محفوظ شدہ گوشت ارسال کیا جاتا ہے جس کا مقصد ضرورت مندوں کی انسانی بنیادوں پر امداد ہے۔
علاوہ ازیں فلسطینی سفیر دیاب اللوح نے سعودی قیادت کا خصوصی طورپر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کی جانب سے یہ تعاون ایسے مشکل وقت میں پیش کیا گیا ہے جب اہل غزہ کو اس کی اشد ضرورت تھی۔
مصری سفیر نے بھی امت مسلمہ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے مسلسل پیش کیے جانے والے تعاون کو سراہتے ہوئے اعلی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔