Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر جمہوریہ کا عہدہ جماعتی سیاست سے بالا تر ہونا چاہئے ، رام ناتھ کووند

حیدرآباد ( نمائندہ اردونیوز) این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ صدر جمہوریہ کے عہدہ کو کسی بھی جماعتی سیاست سے بالاتر رکھاجانا چاہئے اور دستور کی بالادستی بھی ہونی چاہئے۔تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کی جانب سے ان کی امیدواری کی حمایت کے سلسلہ میں ان کے اعزاز میں حیدرآباد کے جل وہار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کووند نے کہاکہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ ذات ،نسل ،زبان،علاقہ اورجغرافیائی حدود کی صورتحال سے بالاتر ہوکر وہ کام کریں گے ،ساتھ ہی نوجوانوںکی خواہشات کی تکمیل اورعصری تعلیم کی ترقی کے لئے بھی کام کریں گے۔انہوںنے کہا کہ نئے ہندوستان کے خواب کوپوراکرنے کی ضرورت ہے۔کووند نے ان کی امیدواری کی حمایت پر ٹی آرایس کا شکریہ اد اکیا۔ انہوںنے کہاکہ بین الاقوامی سرحدوں کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔انہوںنے کہا کہ بہار کاگورنر بنائے جانے کے بعد انہوںنے غیر جانبدارانہ انداز میں کام کیا تھا اور بغیر کسی امتیاز کے ہر شہری کو مساوی درجہ دیا تھا اسی طرح وہ یقین دلاتے ہیں کہ صدر جمہوریہ بننے کے بعد بھی اس عہدہ کے وقار کوبرقرار رکھیں گے۔انہوںنے کہاکہ گورنر شپ سے استعفیٰ دینے کے بعد بھی وہ کسی بھی جماعت سے وابستہ نہیں ہیں،حالانکہ ان کا ماضی میں بی جے پی سے تعلق رہا ہے اور انہیں وینکیا نائیڈو کی ٹیم کا حصہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

شیئر: