لکھنؤ - - - -آیوش وزارت نے حق اطلاعات کے تحت پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتایا ہے کہ گزشتہ 2برسوں کے دوران عالمی یوم یوگا کے موقع پر34.50 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ آر ٹی آئی کارکن ڈاکٹر نوتن ٹھاکر نے بتایا کہ آیوش وزارت کی طرف سے دستیاب کرائی گئی معلومات کے مطابق سال 2015 اور 2016 میں وزارت نے عالمی یوم یوگا کے موقع پر کُل 34.50 کروڑ روپے خرچ کئے۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک انفارمیشن آفیسر بنمالی نائک کی طرف سے فراہم کردہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ بین اقوامی یوم یوگا 2017 کا وزارت کے خرچ کا حتمی حساب کتاب ابھی نہیں ہوا۔ انفارمیشن آفیسر نے یہ واضح کر دیا ہے کہ یہ آیوش محکمہ کاخرچ ہے۔ یوم یوگا پر ہوئے پورے اخراجات فی الوقت دستیاب نہیں۔ ڈاکٹر ٹھاکر نے بتایا کہ ان اخراجات سے جڑے چالان کے نوٹ شیٹ اور ریکارڈ سیکڑوں صفحات میں ہونے کی وجہ سے اسے فراہم کرنے سے انکار کر دیا گیا۔