قطر کے خلاف قانونی، معاشی اور سیاسی کارروائی کریں گے، مشترکہ اعلامیہ
ریاض: انسداد دہشت گردی کے علمبردار ممالک نے کہا ہے کہ وہ قطر کے خلاف قانونی ، معاشی اور سیاسی کارروائی کریں گے۔سعودی عرب، امارات ، بحرین اور مصر نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کے مطالبات پر قطر کی طرف سے مثبت جواب نہ ملنے پر دہشت گردی کے علمبردار ممالک اپنے حقوق کے تحفظ اور خطے کے امن واستحکام کے لئے قطر کے خلاف مناسب کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔ انسداد دہشت گردی کے علمبردار ممالک نے کہا ہے کہ کویت کی امن کوششوں کے مقابلے میں قطر کا جواب سفارتی آداب اور دوسروں کے احترام کے ادنی شائبے سے خالی تھا۔ قطر نے انسداد دہشت گردی کے علمبردار ممالک کے مطالبات کی فہرست کو لیک کرکے کویت کی مساعی کو سپوتاژ کیا ہے۔ قطر کا یہ رویہ بحران کے خاتمے کے لئے ثالثی کا کردار کرنے والے والے ملک کے عدم احترام کا کھلا ثبوت ہے۔ انسداد دہشت گردی کے علمبردار ممالک نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ سفارتی کوششوں کو سپوتاژ کرکے قطر نے پر امن حل کی تمام کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ قطر خطے کی امن وسلامتی کو متزلزل کرنے کی مذموم کوششیں جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس طرح وہ قطری عوام کی امیدوں اور امنگوں کے بھی برخلاف کام کر رہا ہے۔مشترکہ اعلامیہ کہا گیا کہ عرب ممالک نے قطر سے جائز مطالبات کئے تھے جو دراصل قطر کی خطے کے عدم استحکام کی روک تھام کے لئے ہی تھے۔ مشترکہ اعلامیہ میں بحران کے حل کے لئے امیر کویت کے مساعی کا شکریہ ادا کیا ہے۔