پٹنہ ۔۔۔۔بی جے پی کے رہنما گری راج سنگھ نے جمعہ کو وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار پر زور دیا کہ وہ آرجے ڈی کے سربراہ لالوپرساد یادو پر کرپشن کے خلاف ہونیوالی تحقیقات کے بعد اس بارے میںاپنی خاموشی توڑیں۔ انہیں اب فیصلہ کرلینا چاہئے کہ کیا وہ کرپشن کیس کے ملزم لالوپرساد ہی کے ساتھ رہیں گے ۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نتیش خاموش تماشائی بنے نہ رہیں۔قانون اپنا کام کررہا ہے۔انہیں اپنا موقف واضح کردینا چاہئے۔ گری راج نے یہ بیان سی بی آئی کی طرف سے لالوکے مکان اور دیگر املاک پر چھاپوں کے بعد دیا ہے۔ بی جے پی کے ایک اور رہنما سوشیل کمار مودی نے بھی کہا کہ نتیش کوچاہئے کہ وہ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور لالو کے بیٹے تیجسوی یادو کو برطرف کریں اور اپنی خاموشی توڑیں۔ادھر آر جے ڈی کے کئی رہنماؤں نے ان چھاپوں کی مذمت کی اور وہ اظہار یکجہتی کیلئے لالو کی رہائش کے سامنے جمع ہوگئے۔ انہوں نے آج کے دن کو ہندوستانی جمہوریت کیلئے تاریک دن قراردیا۔ پارٹی رہنما منوج جھا نے کہا کہ پارٹی رہنما ان چھاپوں کے خلاف احتجاج کرینگے۔ ہم ایسی حرکتوں سے جھکیں گے نہیں، قانونی اورسیاسی طریقے سے لڑینگے۔ ادھر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اعلیٰ حکام کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔