لکھنؤ- - - - - - سرمایہ کاری کرنے پر زیادہ منافع اور فاضل بونس دینے کا لالچ دے کر کئی سرمایہ کاروں سے بڑی رقمیں جمع کرانے کے بعد مالیاتی انسٹیٹیوٹ کے لوگ اپنا بوریا بستر سمیٹ کر فرار ہوگئے ہیں۔ زیادہ منافع کے لالچ میں6 لاکھ روپئے گنوا دینے کے بعد ٹھگی کا احساس ہونے پر متاثرین نے اترولیہ تھانے میں3 افراد کیخلاف رپورٹ درج کرائی ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹر پر سدھاری حلقہ میں مئو روڈ پر ٹائسی مالیاتی انسٹیٹیوٹ میں عوام کو سبز باغ دکھاکر بڑی رقم جمع کرائی گئی تھی۔ ان سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اس پیسے پر بینکوں سے بھی زیادہ منافع دیا جائے گا نیز سال بھر گزر جانے کے بعد اس پر بونس بھی ملے گا۔ اس کے بعد لوگوں نے مذکورہ کمپنی میں خوب پیسے لگائے لیکن گزشتہ ماہ اچانک مالیاتی کمپنی کی سرگرمیاں سست ہوگئیںاو ر راتوں رات اس کے ذمہ داران کمپنی پر تالا لگاکر فرار ہوگئے۔ اب تھانے میں رپورٹ درج ہونے کے بعد پولیس نے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔