ہمبرگ۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے یہاں ہونیوالے جی 20سربراہ کانفرنس میں پاکستان پر لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسے دہشتگرد گروپوں کی سرپرستی کا پھر الزام لگایا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے 11نکاتی ایجنڈا بھی پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ چند ممالک اپنے سیاسی ہدف کو حاصل کرنے کیلئے دہشتگرد وں کو استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے لشکر طیبہ اور جیش محمد کو بھی داعش ، القاعدہ اور بوکو حرام جیسی تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا۔ ان تنظیموں کا واحد مقصد نفرت پھیلانااورقتل عام کرنا ہے۔ ان کا بنیادی نظریہ ایک ہی ہے ۔ اگرچہ ان تنظیموں کے نام مختلف ہیں۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ دہشتگردوں کا نیٹ ورک جتنا مضبوط ہے اتنا ملکوں کا بھی نہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں دہشتگردوں کی فنانسنگ کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں خاص طور پر داعش کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ تنظیم شہریوں کے قتل عام کیلئے بھاری گاڑیاں استعمال کرتی ہے۔وزیر اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر پوٹین اور چین کے صدر ژی جن پنگ کی موجودگی میں اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ دہشتگردی کے خلاف دنیا بھر کے ملکوں کا جواب انتہائی کمزور ہے جبکہ اس لعنت کے خاتمے کیلئے ملکوں میں مزید تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی20ممالک میں دہشتگردوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہونا چاہئے۔انکا فنڈ اور اسلحہ کی سپلائی کا راستہ بند کرنے کیلئے اقدامات ہونے چائیں۔