لکھنؤ- - - - - اترپردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی اے سی بسوں میں اب جلد ہی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے پرانی ٹی وی کی جگہ ایل ای ڈی ا سکرین لگائی جائیں گی۔ اسکے تحت محکمہ ٹرانسپورٹ اے سی بسوں میں چلنے والے مسافروں کی تفریح کے لئے فلمیں چلائے گا۔ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے مارکیٹنگ ہیڈ راجیو چوہان نے بتایا کہ جلد ہی اس کیلئے ٹینڈر کرواکر ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں ایل ای ڈی ٹی وی لگائے جائیں گے۔دراصل نقل و حمل محکمہ اور تفریح ٹیکس محکمہ کے درمیان چل رہی رسہ کشی میں مسافروں کو فائدہ پہنچا ہے۔ گزشتہ 3 سالوں سے ویڈیو کوچ والی بسوں میں فلمیں اور دوسرے پروگرام دکھائے جانے کے بدلے تفریح محکمہ کی طرف سے تفریحی ٹیکس مانگے جانے کی لڑائی چل رہی تھی۔گزشتہ دنوں عدالت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی ویڈیو کوچ والی بسوں پر لگنے والے تفریحی ٹیکس سے چھوٹ دے دی تھی۔ اس کے بعد اب محکمہ ٹرانسپورٹ جلد ہی اپنی تقریباً 600 بسوں میں ایل ای ڈی سکرین والی ٹی وی لگائے گا۔