واشنگٹن۔۔۔۔۔انسداد دہشتگردی کمیٹی کے سابق امریکی سربراہ رچرڈ کلارک نے واضح کیا ہے کہ امریکہ قطر پر بالکل اعتبار نہیں کرتا۔ قطر نے اپنے یہاں پوری دنیا کے خطرناک ترین دہشتگرد کو پناہ دے رکھی تھی اور اسے گرفتار نہیں ہونے دیا۔ اگرقطر کے حکام 1996ء کے دوران اس دہشتگرد کو امریکہ کے حوالے کردیتے جیسا کہ ان سے کہا گیا تھا تو آج دنیا کی تصویر مختلف ہوتی۔ امریکی عہدیدار نے اس راز کو نیویارک ڈیلی نیوز میں شائع ہونیوالے مضمون میں طشت ازبام کیا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ قطر آنا کانی سے کام لیکر آج بھی حقائق چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔ قطر یہ پالیسی 20برس سے اپنائے ہوئے ہے۔لوگ اسامہ بن لادن کو سب سے بڑا دہشتگرد مانتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ خالد شیخ محمد اس سے زیادہ خطرناک دہشتگرد تھا۔ وہ پاکستانی شہری تھا ، کویت میں پلا بڑھا تھا ۔ اس نے نارتھ کیرولینا میں تعلیم حاصل کی تھی۔