لندن - - - - - - ٹوتھ برش کی تیاری کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے مگر آئے دن نت نئے ٹوتھ برش دنیا بھرمیں تیار ہو رہے ہیں جن کی خاصیتیں بھی مختلف ہیں اور قیمتیں بھی الگ ۔بعض نرم ریشوں والے ٹوتھ برش ہوتے ہیں اور بعض سخت ریشوں والے مگر ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ ایک ہی برش کے کچھ حصے نرم ریشوں والے ہوں اور کچھ سخت ریشوں والے ۔اب برطانوی انجینیئرو ں نے ایک ایسی خودکار ٹوتھ برش تیار کر لیا ہے جو صرف 10سیکنڈ میں دانتوں اور مسوڑھوں کو اچھی طرح صاف کر دیتا ہے اور دانتوں اور مسوڑھوں کو کوئی خاص زحمت بھی اٹھانی نہیں پڑتی ۔ شکل و صورت سے یہ برش عام بتیسیوں جیسا ہے ۔ تاہم اس میں استعمال ہونیوالا ٹوتھ پیسٹ ان ریشوں اس میں لگے ہوئے ریشوں کی مدد سے اس تیزی سے گردش کرتا ہے کہ دانت اور مسوڑھے نہ صرف صاف ہو جاتے ہیں بلکہ ان میں چمک بھی آجاتی ہے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق یہ برش اسی سال دسمبر کے مہینے سے دنیا بھر میں فروخت کیلئے پیش کر دئیے جائیں گے ۔ برش کو استعمال کرنے کیلئے اس میں لگا ہوا ایک بٹن دبانا پڑتا ہے اور پھر سارا کام برش خود کر لیتا ہے ۔ اس کی تیاری میں نرم قسم کا مادہ استعمال کیا گیاہے مگر اتنا سخت ضرور ہے کہ دانتوں پر جمی ہوئی پیلی پرت کو ہٹا دے ۔سائز کے اعتبار سے یہ برش اس قابل ہے کہ اسے مرد اور خواتین دونوں با آسانی استعمال کر سکتے ہیں ۔اسے تیار کرنیوالوں کا کہنا ہے کہ اچھی کارکردگی کیلئے ضروری ہو گا کہ اسے دو تین مہینے استعمال کے بعد تبدیل کر دیا جائے ۔