ہمبنٹوٹا - - - - - زمبابوبے کی کرکٹ ٹیم نے پہلی مرتبہ سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ سیریز کے پانچویں اور فیصلہ کن میچ میں مہمان ٹیم نے اپنے آل رائونڈر سکندر رضا کی شاندار کارکردگی کی بدولت مہمان ٹیم سری لنکا کو3وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-2سے اپنے نام کی۔ سکندر رضا کو مین آف دی میچ قراردیاگیا 3وکٹیں لینے کے بعد میچ کے اہم موڑ پر ناقابل شکست 27رنز اسکور کے ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔ یہ زمبابوے کی 2009کے بعد بیرون ملک کسی سیریز میں پہلی فتح بھی ہے، سری لنکا کی جانب سے سکیلا دھننجایا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4وکٹیں لیں لیکن وہ بھی سکندر رضا اور کپتان گریم کریمر کو ہدف تک پہنچنے سے نہ روک پائے۔ ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس زمبابوے نے جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔سری لنکن بیٹسمین زمبابوے کی بولنگ کا جم کر مقابلہ نہ کر سکے انہوں نے 8وکٹوں کے نقصان صرف203 رنز بنائے۔دنوشکا گوناتھیلاکا اوراسیلا گونا رتنے کی نصف سنچریوں نے سری لنکا کو 200رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا باقی کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی نمایاں بیٹنگ نہیں کر پایا۔سری لنکا کا ایک کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوا 5کو دوہرے ہندسے تک پہنچنے کا موقع بھی نہیں ملا۔زمبابوے کے اسپنرز سکندر رضا نے3اور گریم کریمر نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سکندر رضا نے 10اوورز میں صرف21رنز دیئے جبکہ کریمر نے سری لنکن بیٹسمینوں کو 23رنز بنانے کا موقع دیا جس کے نتیجے میں زمبابوے کی تاریخی کامیابی کے حصول کے لئے 204رنز کا ہدف ملا ۔ اسی سیریز میں 300رنز کا ہدف حاصل کرنے والی ٹیم کے لئے اس کا حصول مشکل نظر نہیں آتاتھا۔ ایک مرحلے پر زمبابوے نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر137رنز بنالئے تھے ۔اس موقع پر سری لنکن بولرز ایکشن میں آئے صرف38رنز کے اضافے پر زمبابوے کی6وکٹیں لینے میں کامیاب ہوگئے لیکن اس صورتحال میں سکندر رضا اور کپتان گریم کریمر سری لنکن بولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور 39ویں اوور میں سکندر رضا نے ڈی سلوا کی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کوفتح سے ہمکنار کر دیا۔انہوں نے 27گیندیں کھیلیں اور 2چھکے اور ایک چوکا لگایا۔کپتان گریم کریمر ان کے ساتھ 11رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔سری لنکا کے 7میں سے صرف2بولرز کو وکٹیں ملیں دھننجایا نے4اور ملنگا نے2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سکندر رضا اس میچ جبکہ ہملٹن ماساکڈزا سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔