نئی دہلی۔۔۔بنگلور کی سینٹرل جیل میں قید اے آئی اے ڈی ایم کے کی جنرل سیکریٹری وی کے ششی کلا نے جیل حکام اور کرناٹک کے ڈائریکٹر جنرل آف جیل خانہ جات سمیت حکام کو جیل میں سہولتیں پہنچانے کیلئے 2کروڑ روپے کی رشوت دی۔انہوں نے ڈی جی کو ایک کروڑ اور جیل کے وارڈن سمیت دیگر افسران میں ایک کروڑ روپے تقسیم کئے۔ وہ غیر قانونی دولت جمع کرنے کے الزام میں 4سال کی سزا بھگت رہے ہیں۔ایک مقامی نیوز چینل نے بتایا کہ ڈی آئی جی جیل خانہ جات روپا مڈ گل نے اس سلسلے میں ریاستی حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے۔ روپا نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ 59سالہ ششی کلا کو جیل کی کوٹھری میں بڑی بڑی سہولتیں دی گئیں۔سشی کلا15فروری سے جیل کاٹ رہی ہیں۔ انہیں روزانہ خصوصی خوراک ملتی ہے جو ان کی کوٹھری کے قریب خصوصی کچن کے شیف تیار کرتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جعلی اسٹامپ پیپر اسکینڈل میں گرفتار عبدالکریم تیلگی سے بھی خصوصی رویہ روا رکھا جاتاہے۔ اس کی مالش کیلئے بھی 3،4قیدی متعین ہیں۔دریں اثناء ڈی جی جیل خانہ جات نے اس سارے الزامات کی تردید کردی اور کہا کہ میںنے روپا کو ایک میمو دیا ہے جس میں ان سے وضاحت اور ثبوت مانگے گئے ہیں۔روپا نے مزید الزام لگایا کہ قیدیوں میں منشیات تقسیم کی جاتی ہے جبکہ چند قیدیوں کو خصوصی سہولتیں ملتی ہیں۔