لاہور: انگلینڈ میں حالیہ ویمنز ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد ویمنز کرکٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے اور کپتان ثناء میر بدترین کارکردگی کے سبب قیادت اور ٹیم میں اپنی جگہ سے محروم ہو سکتی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق ثنا ءمیر صحیح طریقے سے قیادت کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ان کی اپنی کارکردگی بھی قابل اطمینان نہیں اور بورڈمستقبل میں ٹیم میں ان کے کردار کے حوالے سے آئندہ ہفتے تک کوئی اہم فیصلہ کر سکتا ہے۔ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی مہم ہفتے کو سری لنکا کے ہاتھوں 15رنز سے شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جہاں قومی ٹیم گروپ مرحلے میں کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی ۔آخری میچ میں شکست کے ساتھ ہی قومی ٹیم ایونٹ کی وہ واحد ٹیم رہی جسے تمام میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور اس مایوس کن کارکردگی کے بعد ٹیم پیر کو وطن واپس پہنچ گئی ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق آل راونڈر بسمہ معروف ممکنہ طور پر قیادت کیلئے بورڈ کا اگلا انتخاب ہو سکتی ہیں۔ بسمہ نے گزشتہ عرصے کے دوران بہترین کھلاڑی کے طور پر منوایا ہے۔ثنا میر کے بعد 25 سالہ بسمہ معروف ٹیم کی سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہیں لیکن انگلینڈ کے خلاف میچ میں ہاتھ کی انجری کے سبب وہ ایونٹ سے باہر ہو گئی تھیں۔ تمام شعبوں میں خراب کارکردگی کے بعد ممکنہ طور پر کوچ صبیحہ اظہر بھی کوچنگ کا عہدہ برقرار نہیں رکھ پائیں گے اور ان کی جگہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز میں سے کسی ایک کو کوچ بنایا جائے گا۔