لکھنؤ- - - - - یوپی اسمبلی میں اجلاس کے دوران ہڑتالی ٹیچروں پر ہونے والے لاٹھی چارج پر زبردست ہنگامہ ہوا۔ اس دوران سماج وادی پارٹی کے ایم ایل سی غیرامداد یافتہ اساتذہ کی حمایت میں اتر آئے۔ انہوں نے یوپی حکومت پر اساتذہ پر مظالم ڈھانے کا الزام لگایا۔ مدارس کی گزشتہ5 ماہ سے رکی ہوئی تنخواہوں کا معاملہ بھی قانون ساز کونسل میں انتہائی زور شور کے ساتھ اٹھا۔معاملہ کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے اساتذہ کوٹے کے ممبران اسمبلی چیت نرائن سنگھ اور راج بہادر سنگھ چندیل نے ضابطہ 105کے تحت اس معاملہ کو اٹھاتے ہوئے متعلقہ وزیر لچھمی نرائن چوہدری سے سوال کیا کہ جانچ کے دوران تنخواہ کو روکنے کا کیا جواز ہے اور جانچ بھی افسران کی لاپروائی کی بناپر اپنے طے شدہ وقت سے طویل ہوتی چلی جارہی ہے جس کی وجہ سے مدارس عربیہ کے اساتذہ اور انکا کنبہ فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اپنا طریقہ کار نہ بدلا تو ہماری لڑائی ایوان سے نکل کر سڑک پر آجائیگی۔