Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کے خلاف تحریک استحقاق مسترد کرنے کا عندیہ

وزیراعظم کے بیان میں تضاد ہے یا نہیں اس کا فیصلہ سپریم کورٹ کو کرنا ہے،پانا مہ لیکس کا معاملہ زیرسماعت ہے ، اردو نیوز سے گفتگو
اسلام آباد( کشور طاہر)سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک استحقاق مسترد کرنے کا عندیہ دے دیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیان میں تضاد ہے یا نہیں اس کا فیصلہ سپریم کورٹ کو کرنا ہے۔جمعہ کوپارلیمنٹ ہاوس میں اپنے چیمبر میں اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکرنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف اپوزیشن کی تحریک استحقاق موصول ہوگئی پانا مہ لیکس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے زیرسماعت معاملے پر ایوان میں بحث کرانا مناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ہاوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن کو تحریک استحقاق پر اپنے موقف سے آگاہ کروں گا ۔اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کا معاملہ قومی مفاد کا ایشو ہے۔تمام جماعتیں متفق ہیں کہ قومی مفاد کے ایشو پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ فوجی عدالتوں سے متعلق آئینی ترمیم تمام جماعتوں کے مابین اتفاق رائے پیدا ہونے کی صورت میں ہی آئے گی۔ اس حوالے سے پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس کے بارے فیصلہ کرنا حکومت اور اپوزیشن کا کام ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ وزیرخزانہ اسحق ڈار نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے قیام پر جلد عملدر آمد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوںنے کہا مجھ سمیت کسی رکن پارلیمنٹ کے اکاونٹ میں پیسے منتقل نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کےخلاف الیکشن کمیشن کو ریفرنس دستاویزات دیکھنے کے بعد بھیجا تھا، میری ذمہ داری ہے کہ قواعد کے مطابق ایوان کو چلنے دیا جائے، اگر اپوزیشن نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی تو اس سے اپوزیشن کی تحریکیں بھی متاثر ہوں گی۔

شیئر: