Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ادا کار رندیپ ہودا نے خود کو کمرے میں کیوں قید کر لیا؟

وِیر سوارکر کی زندگی پر مبنی فلم سواتنتریا ویر سوارکر 22 مارچ 2024 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فوٹو: رندیپ ہودا انسٹاگرام)
انڈین اداکار رندیپ ہودا نے آزادی پسند رہنما، فلسفی اور لکھاری وِیر سوارکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خود کو قید کر لیا۔
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق اداکار رندیپ ہودا نے وِیر سوارکر کو اُن کی برسی کے موقع پر خصوصی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر رندیپ ہودا نے اپنی آنے والی نئی فلم ’سواتنتریا وِیر سوارکر‘ کے سیٹ کی تصاویر شیئر کیں۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پر پوسٹ میں اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے خود کو جیل میں اس وجہ سے قید کیا کہ وہ وِیر سوارکر کو پیش آنے والی اذیتوں کا اندازہ لگا سکیں۔
اداکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’انگریز وِیر سوارکر سے اتنا ڈرتے تھے کہ انہیں 7 بائی 11 کی جیل میں دو مرتبہ عمر قید سنائی گئی۔‘
’ویر سوارکر کی زندگی پر مبنی فلم کی شوٹنگ کے دوران میں نے اُن کا درد سمجھنے کے لیے خود کو قید کر لیا تھا۔ میں وہاں 20 منٹ بھی قید نہ رہ سکا جہاں انہوں نے 11 برس تک قید تنہائی کاٹی۔‘
 
دوسری جانب ونایک دامودار سواکر المعروف وِیر سوارکر کی زندگی پر مبنی فلم ’سواتنتریا ویر سوارکر‘ 22 مارچ 2024 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں رندیپ ہودا، انکیتا لوکھانڈے اور اپندردیپ سنگھ شامل ہیں۔ اس کی فلم کی ہدایتکاری بھی رندیپ ہودا ہی کر رہے ہیں۔
خیال رہے وِیر سوارکر 28 مئی 1883 میں ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناسک میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ آزادی پسند رہنما، فلسفی، وکیل اور لکھاری تھے۔

شیئر: