Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیوی کو قتل کر کے بیڈ روم میں دفنا کر سالی سے شادی کرنے والا 38 برس بعد گرفتار

قتل کی واردات کے 38 برس بعد قدرت نے قاتل کو بے نقاب کردیا (فوٹو: سکرین گریب)
 سعودی عرب میں ادارہ پراسیکیوشن کے ایک انسپکٹر ولید الحسن نے قتل کی ایک ایسی واردات کا انکشاف کیا جس میں حقائق 38 برس بعد سامنے آئے ہیں۔
ایک شہری نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد نعش کو بیڈ روم دفن کر دیا اور سالی سے شادی کر لی۔
عاجل نیوز کے مطابق روتانا خلیجیہ چینل  کے پروگرام میں پراسیکیوشن کے انسپکٹر ولید الحسن نے دل ہلا دینے والی کہانی بیان کی اور بتایا قاتل نے اسی کمرے میں جہاں بیوی کو دفن کیا تھا سالی کے ساتھ زندگی کے 38 سال گزارے اور کسی کو شک تک نہیں ہونے دیا۔
انسپکٹر ولیدالحسن نے مزید بتایا کہ مملکت کے دوردراز علاقے میں ایک شہری کا اپنی اہلیہ کے ساتھ جھگڑا ہو گیا جس پر اس نے بیوی کو قتل کر کے  بیڈ روم میں ہی اسے دفن کر دیا۔ فرش کو دوبارہ سیمنٹ سے پختہ کر دیا۔
مبینہ قاتل نے سسرال والوں کو جو دوسرے ریجن میں رہتے تھے کو خبر دی کہ ان کی بیٹی کینسر کے مرض میں جان کی بازی ہار گئی جس پر اسے سپرد خاک کر دیا۔
اس شخص نے اپنی ہی سالی سے دوسری شادی کی اور نئی دلہن کے ساتھ اسی کمرے میں زندگی کے ایام گزارتا رہا جہاں اس کی پہلی بیوی دفن تھی۔
دلہن نے کئی بار اپنے شوہر سے دریافت کیا کہ اس کی بہن کو کہاں دفن کیا ہے مگر ہر بار وہ اسے زد وکوب کرتا اور خاموش رہنے کا کہتا۔
پراسیکیوشن کے انسپکٹر نے مزید بتایا کہ واردات کو 38 برس گزر چکے تھے اس دوران ملزم نے مکان میں ترمیم کرنے کے لیے مزدور بلائے۔ بیڈ روم کے فرش کو کھودا تو وہاں سے انسانی ہڈیاں برآمد ہوئیں جس پر انہوں نے پولیس کو مطلع کر دیا۔
پولیس نے ہڈیوں کا ڈی این اے کیا تو معلوم ہوا کہ وہ اس شخص کی بیوی کی تھی جو اس کی دوسری بیوی یعنی اس کی سالی کے ڈی این اے سی میچ کر گئیں جس پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔ قتل کی واردات کے 38 برس بعد قدرت نے قاتل کو بے نقاب کیا۔

شیئر: