Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان امارات کے ساتھ سیاسی خیرسگالی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے‘

شہباز شریف نے تہنیتی پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: وزیراعظم آفس)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ سیاسی خیرسگالی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزیراعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔
شہباز شریف نے تہنیتی پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور صدر شیخ محمد بن زید النہیان، نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم اور نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زید النہیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی تعلقات کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک تعلقات کو مزید فروغ دینے کی بھرپور خواہش رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان زبردست سیاسی خیر سگالی کو تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔‘
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اپنے ملک کی قیادت کی پاکستان سے وابستگی کی توثیق کی اور کہا کہ متحدہ عرب امارات مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔
سفیر نے شیخ محمد بن زید النہیان کی جانب سے وزیراعظم کو جلد سے جلد متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی۔

شیئر: