Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عیدالفطر پر پاکستانی سنیما گھروں میں کون سی فلمیں ریلیز ہوں گی؟

ایکشن اور سائنس فکشن سے بھرپور فلم ’گوڈ زیلا ایکس کونگ دی نیو ایمپائر‘ دنیا بھر میں 28 مارچ کو ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
عیدالفطر کے موقع پر پاکستان کے سنیما گھروں میں ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھر نئی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں۔
رواں برس عید کے موقع پر ایک پاکستانی اور تین ہالی وُڈ فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
آئیے جانتے ہیں کہ عیدالفطر کے موقع پر پاکستان میں ریلیز ہونے والی فلمیں کون سی ہیں۔
دغا باز دل
دغا باز دل وجاہت رؤف کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ہے جسے عید کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔
دغا باز دل کی کاسٹ میں مہوش حیات، علی رحمان، بابر علی، سلیم شیخ، مومن ثاقب، لیلا واسطی اور عائشہ خان شامل ہیں۔
فلم کے ٹیزر میں ایک شادی کی تقریب کو دیکھا جا سکتا ہے جس میں جذبات اور خوشیوں بھرے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
گوڈ زیلا ایکس کونگ دی نیو ایمپائر
ایکشن اور سائنس فکشن سے بھرپور فلم ’گوڈ زیلا ایکس کونگ دی نیو ایمپائر‘ دنیا بھر میں 28 مارچ کو ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔
ایڈم وِنگرڈ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس ’مونسٹر‘ فلم کی کہانی کنگ کونگ اور گوڈ زیلا کے گرد گھومتی ہے جو انڈر گراؤنڈ ورلڈ کے مونسٹر سے مقابلہ کرتے ہیں۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں مِلی بوبی براؤن، ریبیکا ہال، نکولا سرکا، کے لی ہوٹلی اور ڈین سٹیونز شامل ہیں۔
منکی مین
منکی مین مشہور اداکار دیو پٹیل کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ہے۔
اس فلم کی کہانی ایک ایسے گمنام شخص کے گرد گھومتی ہے جو کرپٹ لیڈرز سے اپنی والدہ کے قتل کا بدلہ لیتا ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں دیو پٹیل، شارلٹو کوپلے، پیٹوبیش اور سوبھیتا دُھلی پالا شامل ہیں۔
خیال رہے کہ دیو پٹیل اس سے قبل 2007 میں آسکر جیتنے والی مہشور فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ سمیت لائن، دی گرین نائٹ اور دی مین ہُو نِیو انفینیٹی جیسی فلموں میں مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔
سِول وار
سِول وار پاکستانی سنیما گھروں میں عید پر ریلیز ہونے والی چوتھی فلم ہے۔
اس فلم کی کہانی امریکہ میں شروع ہونے والی ایک ایسی سِول وار کے گرد گھومتی ہے جو ملک کو تقسیم کر دیتی ہے۔
ایلکس گارلینڈ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں ویگنر مُورا، کرسٹن ڈنسٹ، سائلی سپائنی اور جیسی پلیمونز شامل ہیں۔
یہ فلم 11 اپریل کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: