Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک بھر میں شدید بارشیں، خیبر پختونخوا میں مختلف حادثات میں 7 افراد ہلاک

’مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ اتوار تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کا سبب بنے گا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق ’مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 27 مارچ کو ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوا جو اتوار تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کا سبب بنے گا۔‘
سنیچر کو خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر، وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ’سنیچر کو ملک کے بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ بالائی خیبر پختونحوا، خطہ پوٹھوہار اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
’سنیچر کو اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں گرم چمک کے ساتھ شدید بارش کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔‘
محکمہ موسمیات کے مطابق ’تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر لینڈسلائیڈنگ بھی ہوئی۔‘
اس کے علاوہ آندھی، ژالہ باری اور تیز بارش کے باعث کھڑی فصلوں، کمزور انفراسٹرکچر ( بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ) کو نقصان بھی پہنچا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ’آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چترال، لوئر دیر، ملاکنڈ، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ہری پور، صوابی، مردان اور  نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔‘
’پشاور، چارسدہ، ٹانک، ڈی آئی خان اور متصل علاقوں میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑوں پر برف باری بھی متوقع بھی ہے۔‘

حکام کے مطابق ’لینڈسلائیڈنگ اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بارش سے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چھتیں گرنے اور لینڈسلائیڈنگ سے خیبر پختونخوا میں 7 افراد ہلاک
ریسکیو حکام نے سنیچر کو بتایا کہ ’خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور لینڈسلائیڈنگ سے خیبر پختونخوا میں 7 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔‘
حکام کے مطابق ’لینڈسلائیڈنگ اور چھتیں گرنے کے یہ واقعات پشاور، نوشہرہ، شانگلہ، بنوں اور باجوڑ کے اضلاع میں پیش آئے جس سے 9 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔‘
وزیراعلٰی خیبر پخونخوا علی امین گنڈاپور نے بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور متاثرین کے لیے امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ریلیف کے حوالے سے کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

شیئر: