Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے سات ریجنوں میں خراب موسمی صورتحال، احتیاط کا مشورہ

  بدھ سے مملکت کے جنوب سے شمال تک بارش کا امکان ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز میں موسم اور موسمیاتی پیشگوئی کے  ڈائریکٹر جنرل حمزہ کومی نے کہا ہے کہ  بدھ سے مملکت کے جنوب سے شمال تک بارش کا امکان ہے۔
الاخباریہ چینل کے معروف پروگرام ’نشرۃ النھار‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بارش  کے اس سلسلے میں سراوت کے پہاڑ، جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور تبوک کے جنوبی حصے شامل ہیں۔
حمزہ کومی نے بتایا  مشرق کی طرف سے حائل اور قصیم کے علاقوں اور ریاض کے علاقے کے مغربی حصے بارش کی زد میں رہیں گے۔
انہوں نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بارش سے بچنے اور بذریعہ سڑک سفر کے دوران احتیاط کا مشورہ دیا۔
عاجل ویب کےمطابق  شہری دفاع نے کہا ہے کہ مملکت کے سات ریجنوں میں اس ہفتے موسمی صورتحال کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
موسمیات کے قومی مرکز نے شدید گرج چمک اور طوفان کی پیشگوئی کی ہے۔ کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر کہا  کہ ان سات ریجنوں میں ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، القصیم،  الباحہ، حائل اور عسیر شامل ہیں۔
شہری دفاع نے انتباہی ایس ایم ایس میں کہا  کہ لوگ ضرورت کے تحت ہی باہر نکلیں اور موسمی صورتحال کے حوالے سے سرکاری ذرائع ابلاغ سے خبروں پر انحصار کیا جائے۔
شہری دفاع نے نشیبی علاقوں اور وادیوں میں جانے سے گریز کا بھی مشورہ دیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: