Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کن ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے میں 50 فیصد رعایت نہیں ہوگی؟

مہلت اور رعایت کے حوالے سے ضوابط کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی کابینہ کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پرجرمانوں کی ادائیگی میں دی جانے والی 50 فیصد رعایت کی مہلت کا آغاز 18 اپریل 2024 سے ہوگا۔
 ٹریفک پولیس نے مہلت اور رعایت کے حوالے سے ضوابط کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ’ چالان کی ادائیگی 18 اپریل 2024 کے بعد سے شروع ہو گی جس میں ان تمام ٹریفک چالان کی رقم پر50 فیصد رعایت دی جائے گی جو  سلامتی کے ضوابط کے دائرے میں نہ آتے ہوں‘۔
رعایتی مہم تاریخ اجرا کے بعد سے 6 ماہ ( 18 ستمبر 2024 ) تک جاری رہے گی۔ اس دوران جزوی یا کلی جرمانوں کی ادائیگی پر 50 فیصد رعایت حاصل کی جاسکے گی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے ’رعایتی مہلت کے دوران چار اقسام کی خلاف ورزیاں ایسی ہیں جن پررعایت نہیں دی جائے گی جو سلامتی سے متعلق ہیں۔ کاراسکریچنگ ، نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کا چالان، ایسی شاہراہیں جہاں حد رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے‘۔
’ان شاہراہوں پر مقررہ حد  سے 50 کلو میٹر رفتار سے زیادہ چلانے پر ہونے والا چالان اور وہ شاہراہیں جہاں حد رفتار 140 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے وہاں 170 یا اس سے زیادہ تیز رفتاری سے ہونے والے چالان پررعایتی مہم کا اطلاق نہیں ہوگا۔‘
ضوابط کے مطابق رعایت سے استفادہ کے لیے تمام چالان بیک وقت یا ایک سے زیادہ چالان ہونے کی صورت میں ایک ایک کرکے بھی ادا کیے جاسکتے ہیں۔

شیئر: