Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیف سیکریٹری کی تعیناتی میں تاخیر کرکے وفاق تنگ کر رہا ہے: خیبرپختونخوا حکومت

بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا کے ساتھ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
خیبر پختونخوا حکومت نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری کی تعیناتی میں تاخیر کرکے وفاق صوبائی حکومت کو تنگ کر رہا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر محمد سیف کا اتوار کو جاری ایک بیان میں کہنا تھا کہ چیف سیکرٹری کی تعیناتی پر وفاق کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ مرضی کی ٹیم رکھنا وزیر اعلی کا حق ہے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق وزیر اعلی نے وزیر اعظم سے ملاقات میں بھی چیف سیکرٹری کی تعیناتی پر بات کی تھی۔چیف سیکرٹری کی تعیناتی کو متنازع بنا کر سیاسی طور اچھالا جا رہا ہے۔ چیف سیکرٹری کی تعیناتی میں تاخیر کرکے وفاق ہمیں تنگ کر رہا ہے۔‘
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا کے ساتھ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
’وفاق سے باہر کا نہیں بلکہ اپنے ہی ملک کا بیوروکریٹ بطور چیف سیکریٹری مانگ رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں صوبائی وزرائے اعلی کی مرضی کے چیف سیکرٹریز دیے گئے ہیں۔
’خیبر پختونخوا کو مرضی کا افسر کیوں نہیں دیا جارہا ہے؟‘  ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے موجودہ چیف سیکرٹری اچھے اور قابل بیوروکریٹ ہیں۔ حکومت کو موجودہ چیف سیکرٹری سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں۔
’خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہے، افسران بھی اپنی مرضی کےلگانا چاہتے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں حکومت ہم نے ان افسران کے ذریعے چلانی ہے۔‘

شیئر: