Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکیورٹی فورسز کا ضلع بونیر میں آپریشن، مطلوب دہشت گرد سلیم عرف ربانی ہلاک

آپریشن میں پاکستان فوج کے دو جوان بھی جان سے چلے گئے۔ فوٹو: آئی ایس پی آر
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن میں مطلوب دہشت گرد سلیم عرف ربانی مارا گیا ہے جبکہ فوج کے دو جوان بھی اپنی جان سے گئے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سنیچر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دہشت گرد گروہ کے سربراہ سلیم عرف ربانی کو مار دیا گیا ہے جو سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد سلیم عرف ربانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس کی تلاش تھی اور حکومت نے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی ہوئی تھی۔
ضلع بونیر میں ہونے والے اس آپریشن میں دو دہشت گرد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے پاکستان فوج کے دو جوان لانس حوالدار مدثر محمود اور لانس نائیک حسیب جاوید جان سے گئے۔ 
36 سالہ لانس حوالدار مدثر محمود کا تعلق ضلع راولپنڈی سے تھا جبکہ 27 سالہ لانس نائیک حسیب جاوید ضلع پونچھ کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی اور خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

شیئر: