Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگنا رناوت کا ہماچل پردیش میں کانگرس کے وکرمادتیہ سنگھ سے مقابلہ

کنگنا رناوت اپنے آبائی شہر منڈی سے بی جے پی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈیا کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت نے باضابطہ طور پر اپنے سیاسی سفر کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے وہ ریلیاں بھی منعقد کر رہی ہیں۔
انڈین شوبز خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق کنگنا نے ایک حالیہ ریلی سے خطاب میں نہ صرف ہندی فلم انڈسٹری کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ اس کے سیاہ پہلوؤں پر بھی کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ کیسے فلم انڈسٹری کے بااثر افراد نے ان کے لیے مشکلات کھڑی کیں۔ اداکارہ نے کہا کہ لڑکیوں کا استعمال کیا جاتا ہے اور جب انہوں نے اس کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کی تو انہیں دھمکیاں دی گئیں۔
کنگنا کا کہنا تھا کہ ’ایسے راجا بیٹا مجھے بہت ملے ہیں، یہی نہیں ملے ہر جگہ ملے ہیں۔ فلم انڈسٹری میں بھی ان راجا بیٹوں کو مجھ سے بہت مسئلہ تھا۔ وہاں پر خواتین کا استحصال کرنے کا چلن تھا۔ لڑکیوں کو استعمال کیا جاتا تھا، چپ کرا کے بھگا دیا جاتا تھا۔ اس کے خلاف جب میں نے آواز اٹھائی تو یہی پپو جو شراب اور منشیات کے نشے میں دھت رہتے ہیں، جنہوں نے مجھے ڈرایا، دھمکایا، یہاں تک کہ مجھے نوٹس بھیجا اور مجھے جیل تک میں ڈالنے کی کوشش کی۔ لیکن میرا کچھ نہیں بگاڑ سکے۔‘
کنگنا رناوت نے یہاں تک کہہ دیا کہ کس طرح انہوں نے اپنی فلموں میں ’ہیروز‘ کے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیا۔
’انہوں نے مجھے ختم نہیں کیا، میں نے اپنی فلموں سے ہیرو ہی ختم کر دیے۔ میں نے ایسی ایسی فلمیں بنائیں جن میں سے میں نے ہیرو ہی ختم کر دیے۔ اور میرا ساتھ کس نے دیا؟ میرا ساتھ انڈیا کے عوام نے دیا اور میری فلموں کو کامیاب کرایا۔‘
خیال رہے کہ اداکارہ اپنے آبائی شہر منڈی سے بی جے پی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں اور کانگریسی رہنما وکرمادتیہ سنگھ سے مقابلہ کریں گی۔
وکرمادتیہ سنگھ ہماچل پردیش کے سابق وزیراعلٰی ویربھدر سنگھ کے بیٹے ہیں اور شملہ (دیہی حلقے) سے ایم ایل اے ہیں۔

شیئر: