Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے برادرانہ تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے: اسحاق ڈار

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری اہم ہے۔
سعودی وفد کی سربراہی شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستانی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کر ر ہے ہیں۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادارنہ تعلقات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔
’ہمارے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور ریگولیٹری فریم ورک کو ہموار کرنے کے لیے ایس آئی ایف سی کا مرکزی کردار ہے۔‘
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا مقصد واضح طور پر پاکستان کو معاشی مرکز میں تبدیل کرنا ہے اور ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جو عالمی سرمایہ کاری کو راغب کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آپ کی سرمایہ کاری کو تحفظ دیا جائے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ اور قابلِ اعتماد دوستی اور تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کے اہم عناصر ہیں۔
زراعت، توانائی اور کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنانا ہے، جس سے عالمی سرمایہ کاروں خصوصاً ہمارے سعودی بھائیوں کے لیے پرکشش ماحول پیدا کیا جائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سرمایہ کاری کے عمل کو تیز اور باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کو یقینی بنائے گی، جو پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں توانائی خصوصاً قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

شیئر: