Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برازیل میں خاتون قرض کے لیے چچا کی لاش ویل چیئر پر بٹھا کر بینک لے گئیں

پولسی نے خاتون کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے (فوٹو: ڈیلی میل)
برازیل میں ایک خاتون بینک سے قرض لینے کے لیے اپنے چچا کی لاش کرسی پر رکھ کر بینک پہنچ گئیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق یہ واقعہ برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو کے ایک بینک میں پیش آیا جہاں ایک خاتون 3 ہزار ڈالر کے قریب قرض وصول کرنے کے لیے مردہ شخص کو ویل چیئر پر بٹھا کر لے آئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون بینک ملازمین کے سامنے مردہ شخص کا سر اٹھا رہی تھیں جس سے بینک ملازمین کو ان پر شک ہوا۔
ایک ملازم نے انہیں کہا کہ ’مجھے لگتا ہے یہ غیر قانونی کام ہے، یہ ٹھیک نہیں لگ رہا، ان کا رنگ تو زرد پڑ چکا ہے‘ اس پر خاتون نے جواب دیا کہ ’یہ ایسے ہی ہیں‘۔
پھر خاتون نے کرسی پر رکھی گئی اپنے چچا کی لاش کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو میں آپ کو ہسپتال لے جاتی ہوں، کیا آپ دوبارہ ہسپتال جانا چاہتے ہیں؟‘
اسی دوران بینک ملازمین نے خاتون کی ویڈیو بنالی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون اپنے چچا کی لاش سے قرض کی دستاویزات پر دستخط کرنے کو کہہ رہی ہیں۔

ویڈیو میں خاتون چچا کی لاش سے کہہ رہی ہیں کہ ’انکل، کیا آپ سن رہے ہیں؟، آپ کو دستخط کرنا ہوں گے، میں آپ کی جگہ دستخط نہیں کر سکتی۔‘
یہ سب دیکھنے کے بعد ملازمین نے فوری طور پر ایمبولینس اور پولیس کو کال کر دی۔ پیرامیڈیکس نے موقعے پر پہنچ کر تصدیق کی کہ 68 سالہ شخص کی موت بینک لے جانے سے چند گھنٹے قبل ہو چکی تھی۔
پولیس کے مطابق خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ متوفی کی بھتیجی ہیں اور ان کی دیکھ بھال کرتی رہی ہیں۔
پولیس نے موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی اور معاملے کی تفتیش شروع کردی۔

شیئر: