Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضمنی انتخابات: بلوچستان اور پنجاب میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ

پی ٹی اے کے مطابق ’موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ وزارتِ داخلہ کی سفارش پر کیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)
ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں دو روز (اتوار اور پیر) کو موبائل سروس معطل رہے گی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے سنیچر کو اعلان کیا گیا کہ ’ضمنی الیکشن کے دوران چند اضلاع میں موبائل سروس عارضی طور پر معطل رکھی جائے گی۔‘
پی ٹی اے کے مطابق ’یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلاتعطل، صاف اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر کیا گیا ہے۔‘
اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بھی آج ہونے والے ضمنی الیکشن میں صوبے کے 13 اضلاع اور تحصیلوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے لکھے گئے خط میں ضلع لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
اسی طرح پنجاب کے محکمہ داخلہ نے ڈیرہ غازی خان، کوٹ چھٹہ، صادق آباد، تلہ گنگ، چکوال، علی پور چٹھہ، کلرکہار، بھکر اور ظفروال کی تحصیلوں میں بھی انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش کی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران بھی ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کو بند رکھا گیا تھا جس پر پاکستان تحریک انصاف سمیت انتخابی مبصرین نے تنقید کی تھی۔
دوسری جانب اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کے فیصلے کو ’غیر آئینی اور غیر قانونی‘ قرار دیا ہے۔
پارٹی کے ترجمان نے سنیچر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ’انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش غیر آئینی، غیر قانونی اور شرمناک فیصلہ ہے، یہ نتائج میں ردوبدل کرنے کا منصوبہ ہے۔‘

شیئر: