لندن (ایجنسیاں)انگلینڈ نے دورہ بنگلہ دیش کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں حسیب حمید اور ظفر انصاری سمیت 3 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ لنکا شائر کے 19 سالہ اوپنر حسیب حمید، نارتھمپٹن شائر کے بین ڈکٹ اور سرے کے آل راؤنڈر ظفر انصاری 17 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ اسکواڈ میں سب سے حیران کن شمولیت 39 سالہ آف اسپنر گیرتھ بیٹی کی ہے جو 11 سال کے طویل وقفے کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ سیکیورٹی خدشات کے سبب دورہ بنگلہ دیش سے انکار کرنے والے ایک روزہ ٹیم کے کپتان آئن مورگن کی جگہ جوز بٹلر دورے پر ٹیم کی محدود اوورز میں قیادت کریں گے۔ انگلینڈ نے بٹلر کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ اسکواڈ میں مارک وڈ کو بھی شامل کیا ہے جنہوں نے اکتوبر 2015 ء سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔ انگلش ٹیسٹ ٹیم کو ایک عرصے سے اوپننگ میں ایلسٹر کک کے مستند پارٹنر کی تلاش ہے اور نوجوان حسیب حمید کا انتخاب ہونے کے بعد انگلینڈ کا یہ مسئلہ حل ہوتا نظر آ رہا ہے۔2012 میں سابق کپتان اور اوپننگ بلے باز اینڈریو اسٹراس کے ریٹائر ہونے کے بعد سے انگلینڈ کْک کے مستند ساتھی کی تلاش ہے اور متعدد کھلاڑیوں کو بحیثیت اوپنر آزمانے کے باوجود کوئی بھی اپنے آپ کو اس منصب کا اہل ثابت نہ کر سکا۔ ایلکس ہیلز کی جانب سے دورے سے دستبردار ہونے کے بعد حسیب کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے اس سال کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں 52 کی اوسط سے رنز اسکور کئے۔ انگلینڈ کا ٹیسٹ اور ایک روزہ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ٹیسٹ اسکواڈ: ایلسٹر کک(کپتان)، معین علی، حسیب حمید، گیری بیلنس، جونی بیئراسٹو، جیمز اینڈرسن، ظفر انصاری، گیرتھ بیٹی، اسٹورٹ براڈ، جوز بٹلر، بین ڈکیٹ، اسٹیون فن، کرس وکس، مارک وڈ، جو روٹ، بین اسٹوکس اور عادل راشد۔ ون ڈے اسکواڈ: جوز بٹلر(کپتان)، معین علی، جونی بیئر اسٹو، جیک بال، سیم بلنگز، لیام ڈاسن، بین ڈکیٹ، جیس رائے، بین اسٹوکس، لیام پلنکٹ، عادل راشد، جیمز ونس، ڈیوڈ ویلی، کرس وکس اور مارک وڈ۔