مسجد اقصیٰ میں نماز کی بحالی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی مؤثر جدوجہد کا نتیجہ ہے،امت مسلمہ
جمعرات 27 جولائی 2017 3:00
جدہ -- - - - - مسجد اقصیٰ میں نماز کی بحالی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی مؤثر جدوجہد کا نتیجہ ہے۔اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین نے مسجد اقصیٰ کے دروازے کھلوانے اور الیکٹرانک گیٹ کھلوانے اور دیگر رکاوٹیں دور کروانے پر شاہ سلمان کیلئے گہری قدرومنزلت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان نے مملکت کی اسلامی حیثیت اور دنیا بھر کے ممالک کے یہاں سعودی عرب کے اعلیٰ مقام سے فائدہ اٹھا کر عالمی برادری سے اسرائیل پر دبائو ڈلوا کر اسے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر عائد پابندیاں واپس لینے پر مجبور کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی مسائل کے حل میں سعودی عرب کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ۔جی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے مسجد اقصیٰ کے مسئلے کے حل کیلئے شاہ سلمان کی انتھک جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں مسجد اقصیٰ کے مسئلے کی بھرپور وکالت اور دنیا بھر کے رہنمائوں سے شاہ سلمان کے رابطوں پر فخر ہے ۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا عبد الحق مجاہد، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا قاری محمد ادریس قاسمی ، مولانا اسعد زکریا ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا حاجی محمد طیب قادری ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا حسین احمد درخواستی اور دیگر نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے کہا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز نے الاقصیٰ کی تالہ بندی کے خاتمے کیلئے جو کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے۔آج فلسطینیوں کی جدوجہد کی فتح کا آغاز ہے ۔ وہ وقت بہت قریب ہے جب فلسطین آزاد ہو گا اور مسلمان الاقصیٰ میں شکرانہ کے نوافل ادا کریں گے ، انہوں نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا الاقصیٰ کی تالہ بندی کے خاتمے اور فلسطینیوں کے مطالبات کیلئے جدوجہد پر شکریہ ادا کیا ۔