اسلام آباد... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ آج ایک بہت بڑی جدوجہد میں کامیابی ملی ہے۔پانامہ کیس کے فیصلے بعد پریس کانفرنس میں انہوںنے کہا کہ یہ میری اور نواز شریف کی لڑائی نہیں تھی ۔انصاف کے لئے لڑ رہا تھا ۔ہمارے المیہ یہ ہے کہ ملک میں طبقاتی نظام ہے۔ امیر اور غریب کے لئے الگ الگ قانون ہے۔ کمزور شخص گرفت میں آتا ہے۔ امیر بچ جاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔جے آئی ٹی کے لوگ ہیرو ہیں ۔یہ قوم کی بڑی جیت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ملک چلانے کے لئے پیسہ نہیں ۔ اس سال10 ارب ڈالر قرضہ لیا گیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ کی جا رہی ہے۔جب تک طاقتور کو اس ملک میں قانون کے نیچے نہیں لایا جائے گا اس ملک کو کوئی مستقبل نہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے سے امید ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب بڑے بڑے ڈاکو پکڑے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اتوار کو اسلام آباد پریڈ گراونڈ میں یوم تشکر منائیں گے۔ بہت بڑا جلسہ کریں گے ۔ میری خواہش ہے کہ 21سال کی جدوجہد میں میرے ساتھ جو بھی لوگ شریک تھے۔ وہ اس میں شرکت کریں اور میرا ساتھ دیں۔