کراچی.... ترجمان بلاول ہاوس نے کہا ہے کہ آصف زرداری پاکستان کے نیلسن منڈیلا ہیں۔ انہیں کٹھ پتلی کی کوئی پروا نہیں ۔ترجمان بلاول ہاوس بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تحریک انصاف کے سربراہ کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ پوری قوم کو پتہ ہے کہ نواز شریف کے بعد عمران کی باری ہے۔ اگلی باری آصف زرداری کی ضرور ہے لیکن حکومت کرنے کی۔ عمران خان اپنی خیر منائے کیوں کہ آرٹیکل 62 اور 63 اب ان کی طرف آ رہا ہے۔ عمران خان بدحواسی میں بیان دینا بند کریں، وہ یہ تاثر دینا بھی چھوڑ دیں کہ ملک کے سب ادارے ان کی مٹھی میں بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کچھ عرصے میں میاں اظہر بننے جا رہے ہیں ۔اڈیالہ جیل ان کی منتظر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جس احتساب کا سامنا آصف علی زرداری نے کیا موجودہ سیاسی دور میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ ساڑھے 11 سال جیل کاٹ کر انہی عدالتوں سے بری ہو چکے ۔آصف زرداری کی زبان کاٹی گئی۔ ان پر سخت تشدد کیا گیا لیکن کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔واضح رہے کہ عمران خان نے یوم تشکر کے جلسے سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ نواز شریف کے بعد اب آصف زرداری کی بار ی ہے۔