منرلز انویسٹمنٹ فورم: ’سعودی عرب سمیت دنیا بھر کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں‘
منرلز انویسٹمنٹ فورم: ’سعودی عرب سمیت دنیا بھر کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں‘
منگل 8 اپریل 2025 9:32
وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
منگل کو اسلام آباد منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان میں ذخائر موجود ہیں، جن کی بدولت پاکستان اپنے قرضوں سے نجات حاصل کر سکتا ہے اور آئی ایم ایف کو گڈ بائے کہہ سکتا ہے۔‘
انہوں نے سعودی عرب، خلیجی ممالک اور یو اے ای کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے سرمایہ کار بھی ہمارے ہاں سرمایہ کاری کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں معدنیات کے ذخائر موجود ہیں۔
وزیراعظم نے چین، امریکہ، برطانیہ اور دوسرے ممالک کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں بھی سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہا۔
انہوں نے ریکوڈک منصوبے میں پیشرفت کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا اس پر 20 سال سے کام رکا ہوا تھا۔
منرلز انویسٹمنٹ فورم میں سعودی عرب، امریکہ، چین، ترکی اور آذر بائیجان کے اعلٰی سطح کے وفود کے علاوہ عالمی سرمایہ کار کمپنیاں شریک ہیں۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اس کانفرنس کی میزبان ہے۔
دو برس قبل معدنی سرمایہ کاری فورم کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تھا، جبکہ اب دوسری عالمی کانفرنس اسلام آباد جناح کنونشن سینٹر میں ہو رہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے علاوہ صوبہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہیں۔
اجلاس میں غیرملکی مندوبین، وفاقی وزرا، پاکستان میں متعین غیرملکی سفیروں اور معدنیات کے شعبہ کے ماہرین شریک ہیں، جو انہیں چاروں صوبوں، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں کان کنی اور معدنیات میں سرمایہ کاری کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)
اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائیدار معاشی استحکام کے لیے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، اور معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان منرلز انویسمنٹ فورم سے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔
تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)
انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری فورم متعلقہ فریقوں، شراکت داروں اور دوست ممالک کو نئے امکانات تلاش کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری قائم کرنے کے لیے منفرد پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
بعد میں وزیر تجارت جام کمال نے ایک مباحثے میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معدنیات میں سرمایہ کاری کی منزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال ہے جس سے مقامی اور غیرملکی کمپنیوں کی طرف سے بہت زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔