اسلام آباد..... سعودی پاکستانی فرینڈ ز گروپ نے حوثی باغیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ پر میزائل حملے کی مذمت کردی۔ پاکستانی سینیٹ میں پاک سعودی فرینڈز گروپ کی رابطہ کار سحر کامران نے سعودی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ مکہ مکرمہ پر میزائل حملے کی دوبارہ کوشش امت مسلمہ کے دل پر حملہ ہے۔ اس سے مقدس اسلامی مقامات کی بابت حوثیوں کے جارحانہ عزائم کی عکاسی ہوتی ہے۔ سحر کامران نے کہاکہ حملے کی ناکام کوشش نے پا کستانی عوام کو مشتعل کردیا۔ ہر پاکستانی دہشتگردی اور حرمین شریفین کے دفاع کے سلسلے میں سعودی عوام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سعودی سیکیورٹی اہلکار خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت حرمین شریفین کے امن و امان کی حفاظت کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔