Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحت فیسوں میں اضافہ، تارکین کویت چھوڑ دیں گے

کویت:کویت کے وزیر صحت ڈاکٹر جمال الحربی نے مقیم غیرملکیوں اور وزٹ ویزوں پر آنے والوں کو پیش کی جانے والی صحت خدمات کی فیس میں اضافہ کردیا۔ عملدرآمد اکتوبر کے مہینے سے ہوگا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ مقیم غیرملکی اور ان کے اہل خانہ اضافی فیس کے متحمل نہیں ہوں گے۔ کثیر تعداد میں کویت کو خیرباد کہہ دیں گے۔ میڈیکل انشورنس نہ کرانے والے افراد اور وزٹ ویزوں پر آنے والے غیرملکی مریضوں سے صحت خدمات کی فیس اور اجرت پیشگی وصول کی جائے گی جبکہ میڈیکل انشورنس کرانے والے مریضوں کو دوائیں صرف اس صورت میں دی جائیں گی جبکہ انہیں اسپتال کے اندر دواؤں کی ضرورت ہو۔ انتہائی نگہداشت کے شعبے یا جنرل وارڈ وغیرہ میں زیر علاج ہونے کی ہی صورت میں ایسے مریضوں کو دوائیں دی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ہیلتھ سینٹر سے طبی معائنے کے لئے رجوع کرنے کی فیس وزٹ ویزوں پر آنے والے غیرملکیوں سے یکم اکتوبر سے 10دینار وصول کئے جائیں گے۔ جنرل اسپتالوں میں ٹریفک حادثات کے شعبوں سے رجوع کرنے کی فیس 30دینار اور او پی ڈی سے رجوع کرنے کی فیس بھی 30دینار ہوگی۔جنرل وارڈ میں علاج کے لئے رکنے پر ایک دن کی فیس 70دینار، انتہائی نگہداشت کے شعبے میں ایک دن کی فیس 220دینار ، قدرتی علاج کے لئے ایک نشست کی فیس 30دینار ، جنرل اسپتالوں کے خصوصی کمروں میں قیام کی ایک دن کی فیس 130دینار، عام کمرے کی فیس 150دینار اور خصوصی کمرے پر 300دینار وصول کئے جائیں گے۔ دوماہ کے اندر دوسری بار اوپی ڈی سے رجوع کرنے کی فیس بھی بڑھادی گئی ہے۔ پہلی بار 15دینار، ایک ماہ کے بعد آنے پر 30دینار وصول کئے جائیں گے۔ وزٹ ویزے پر آنے والی خواتین سے زچگی کے شعبے سے رجوع کرنے پر30دینار لئے جائیں گے۔ نارمل ولادت کی فیس 400دینار ہوگی۔ وزٹ ویزوں پر آنے والے غیرملکیوں سے بڑی آپریشن پر 500دینار، درمیانے درجے کے اپریشن پر 300اور چھوٹے آپریشن پر 250دینار لئے جائیں۔ پیچیدہ آپریشن کی فیس 600دینار ہوگی۔پتھری گلانے کے لئے ایک نشست 150دینار ہوگی۔ ون ڈے آپریشن کی فیس سو دینار لی جائے گی۔ اس میں داخلہ فیس نیز ایکسرے اور اسپتال میں داخلے و رہائش کی فیس شامل نہیں ہے۔ ہیلتھ انشورنس کرانے والے مقیم غیر ملکی سے ہیلتھ سینٹر سے رجوع کرنے پر ایک دینار کے بجائے 2دینار لئے جائیں گے۔ جنرل اسپتالوںمیں حادثات کے شعبے سے رجوع کرنے پر دو دینار کے بجائے 5دینار وصول کئے جائیں گے۔ اوپی ڈی سے رجوع کرنے پر10دینار ہوں گے۔ علاوہ ازیں ایک دن جنرل وارڈ میں رہنے کی فیس 10دینار ہوگی۔ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں قیام کی فیس 30دینار ، خصوصی کمرے میں رہائش کی فیس 50دینار اور خصوصی کمروں کی انشورنس فیس 200دینار ہوگی۔ مقیم خواتین سے زچگی کے شعبے سے رجوع کرنے پر10دینار اور نارمل ولادت پر50دینار وصول کئے جائیں گے۔
 
 

شیئر: