اسلام آباد... ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں اور وہاں امن لانے کے ہر عمل میں شریک رہے۔جمعرات کوبریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ افغان سرزمین پر عدم استحکام کے باعث داعش کو جگہ مل رہی ہے۔وہاں داعش کی موجودگی پاکستان کے لئے خطرہ ہے۔ نفیس زکریا نے کہا کہ امریکہ جنوبی ایشیا کے حوالے سے پالیسی کا جائزہ لے رہا ہے ۔جان مکین اور امریکی قیادت نے بارہا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔سابق ہائی کمشنر عبد الباسط کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ ان کی پاکستان واپسی اور قبل ازوقت ریٹائرمنٹ انتظامی معاملہ ہے ۔ترکی میں تعینات سہیل محمود ہندمیں بطور ہائی کمشنر خدمات سرانجام دیں گے۔ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاک وہندکے درمیان بنیادی وجہ تنازعہ ہے ۔کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کے لئے پرامن انداز سے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے ۔ترجمان نے دہشت گردی سے متعلق نئی دہلی کے الزامات کوبے بنیاد قرار دیاا ور کہا کہ پاکستان خود ہندوستانی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔