واشنگٹن .... نابینا افراد بھی اب دنیا دیکھ سکیں گے۔51سالہ بریان کیسی گزشتہ 27برس سے نابینا ہیں اور انہوں نے ایک نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے پہلی مرتبہ فٹبال ٹیم کو کھیلتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے ای سائٹ نامی ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنی پسندیدہ فٹبال ٹیم کا میچ دیکھا۔ اگرچہ وہ اس کے نتیجے سے ناراض تھے کیونکہ اس ٹیم کو 5-1سے شکست ہوگئی تھی۔ کیسی یورپ میں پہلے ایسے نابینا شخص ہیں جنہوں نے جدید ترین چشمے کی مدد سے میچ دیکھا۔ اس چشمے سے یہ ممکن ہوسکا کہ اسے استعمال کرنے والے کی آنکھوں کے قریب براہ راست وڈیو چلائی جائے۔ بریان نے اپنی آنکھوں سے کسی چیز کو دیکھنے کی امید ختم کردی تھی لیکن سائنسدانوں نے ان پر جو تجربہ کیا اس سے وہ پہلے برطانوی نابینا شخص بن گئے جنہوں نے 10ہزار پونڈ مالیت کے ان چشموں سے کسی چیز کو دیکھا۔ اس ڈیوائس کی وجہ سے انکی زندگی تبدیل ہوگئی۔ انکا کہناتھا کہ میری زندگی میں یہ تبدیلی انتہائی خوشگوار ہے۔