Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کی محبت ، ایمان کے منافی

زندہ قوم وہ ہے جسے اپنی زندگی کی پروا کم اور اپنے مقصدکی فکرزیادہ ہوتی ہے، ہرفردکوپورایقین ہوتاہے کہ موت کسی بھی وقت آسکتی ہے
* * * * *محب اللہ قاسمی۔نئی دہلی* * * *
ایک مومن کی شان یہ ہے کہ اس کامعاشرہ اور ماحول چاہے جتنا بھی خراب ہومگر وہ نیکی اور خیرکے کاموں میں سبقت کرے وہ اتنابلندکرداراورباہمت ہوکہ اسے مخالف ماحول متزلزل نہ کرسکے ،وہ اپنے اندرکسی ایسی کمزوری کو جگہ نہ دے جس کے سبب مخالف اسے اپنا شکار بناسکے۔ ضروری ہے کہ بندۂ مومن دنیا کی محبت ،بے جا تکلفات اور خواہشات کی کثرت کو دل سے نکال کرسادہ زندگی گزارے ،ایسا شخص معاشرے کے لئے بے حد مفید اور قوم وملت کے لئے بہت کار آمدثابت ہوتا ہے ۔جو کام بھی وہ کرتاہے، اس میں اس کی نیت خالص ہوتی ہے ،وہ ذاتی مفادسے بالاترہوکربے لوث خدمت انجام دیتاہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے مخلص بندوں سے بہت خوش ہوتاہے اور انھیں کامیابیوں سے ہم کنارکرتاہے۔
اس کے برعکس اگرانسان دنیا کی محبت میں مبتلااوراس کی لذتوں کا شیدائی ہوجائے تو اس کے اندرکمزوری آجاتی ہے جواس کی ہمت اور حوصلہ کوپست کردیتی ہے،وہ اپنے مشن پر قائم نہیں رہ پاتا۔ دھیرے دھیرے وہ اللہ تعالیٰ کا نافرمان ہوجاتاہے ، اس کی عزت نفس فناہوجاتی ہے اور ایک اچھے انسان کی حیثیت سے اس کی پہچان ختم ہوجاتی ہے۔ لوگ اسکے قریب بھی جانا پسند نہیں کرتے حتیٰ کہ وہ انسانیت کے ادنیٰ مقام سے بھی گرجاتاہے۔ نبی کریمنے اس پہلوکو سمجھانے کے لئے ارشادفرمایا: ’’ عنقریب ایک وقت آئے گاجب قومیں تم پر ٹوٹ پڑیں گی جس طرح کھانے والے ایک دوسرے کوکھانے کے پیالے کی طرف بلاتے ہیں۔ ‘‘ ایک شخص نے کہا: کیا ایسا اْس زمانے میں ہماری قلتِ تعدادکی وجہ سے ہوگا؟ آپ نے جواب دیا: ’’نہیں !تم تواس زمانے میں کثیرتعدادمیں ہوگے لیکن تمہاری حیثیت اس خس وخاشاک کی طرح ہوگی جودریااورسیلاب کے جھاگ کے ساتھ ملا ہوا ہوتاہے۔ اللہ تمہارے دلوں میں ’’وہن‘ڈال دے گا‘‘ ایک شخص نے پوچھاکہ اے اللہ کے رسول !’’وہن‘‘ کیاہے؟ آپ نے فرمایا: ’’ دنیا کی محبت اور موت سے نفرت۔‘‘ (ابوداؤد)۔
زندہ قوم وہ ہوتی ہے جسے اپنی زندگی کی پرواکم اور اپنے مقصدکی فکرزیادہ ہوتی ہے۔اس کے ہرفردکوپورایقین ہوتاہے کہ موت کسی بھی وقت آسکتی ہے اس لئے وہ اس ذمہ داری کو ادا کرنے کی پوری کوشش کرتاہے جواللہ تعالیٰ نے اس پرخیرِامت کا فردہونے کی حیثیت سے ڈالی ہے۔ وہ کسی سے مرعوب نہیں ہوتا۔ دنیا کی چمک دمک کوثانوی درجہ دیتاہے، اسے اپنا مقصودحیات نہیں سمجھتا، اس موت کو جواطاعت الٰہی کی راہ میں آئے وہ اپنے لئے قابل فخرگردانتاہے۔ مومن کے اسی عزم وارادے کو کھوکھلا کرنے والے شیطان کے چندخطرناک حربے ہیں۔ ان میں سے ایک دنیا کی محبت ہے جوانسان کوآخرت سے غافل کردیتی ہے،نبی کریم نے فرمایا: ’’ بوڑھے شخص کا دل 2چیزوں کے معاملے میں جوان ہوتاہے :ایک دنیاکی محبت اور دوسری بہت زیادہ کی آرزوئیں۔‘‘(متفق علیہ)۔ ایک مسلمان کویقین ہوتاہے کہ دنیا فانی ہے،اسے ایک دن ختم ہوناہے۔ اصل زندگی آخرت کی زندگی ہے ،جہاں اللہ تعالیٰ کے حضورپیش ہو کرہر انسان کو اپنے عمل کا حساب دینا ہے۔ آخرت کی زندگی بہترہے جوہمیشہ باقی رہے گی۔ (والآخرۃ خیروابقی)اس دنیا کا ہرانسان اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ یہاں ہرپیداہونے والا محض چند روز کی زندگی لے کر آیا ہے۔ اسے کچھ پتہ نہیں کہ کب اس کی سانس رک جائے گی اور کب وہ دنیاسے چلاجائے گا۔ جوشخص دنیا کی محبت میں گرفتار ہوجاتاہے وہ عیش کوش ہوجاتاہے جبکہ عیش کوشی مسلمانوں کا شیوہ نہیں ۔ ایسے شخص کو اللہ تعالیٰ پسند نہیں کرتا۔حقیقت میں عیش کوش اللہ تعالیٰ کے بندے نہیں بلکہ دنیا کے بندے ہوتے ہیں جوخودکودنیاکے سپردکرکے اسکے بن جاتے ہیں۔ اسی بناپر نبی کریم نے جب حضرت معاذ بن جبل کو گورنربناکر یمن کی طرف بھیجاتو فرمایا: ’’تم عیش وعشرت میں پڑنے سے خود کو بچانا کیونکہ اللہ کے بندے عیش کوش نہیں ہوتے۔ ‘‘(مسنداحمد)۔
ایک شخص نبی کریم کی طرف سے گورنربناکرایسی جگہ بھیجاجارہا ہے جہاں دنیا کی لذت ،عیش وعشرت کا ساراسامان مہیاہے ، اسے اسلام کا طریقہ بتایاجارہاہے کہ تم دیگر دنیا پرست حکام کی طرح دنیا میں ملوث نہ ہوجانا کہ اپنی ذمہ داری سے ہی غافل ہوجاؤ۔ اللہ کے بندے جھوٹی شان شوکت سے بچتے ہیں ،ان کے اندر احساس ذمہ داری کوٹ کوٹ کربھرا ہوتا ہے۔ دنیا کی محبت یک بہ یک کسی دل میں پیدانہیں ہوتی ، ابتدامیں اسکا لالچ پیداہوتا ہے ،پھرانسان آخرت سے اعراض کرتے ہوئے اس پر پل پڑتاہے۔ امام قرطبی نے اس سلسلے میں فرمایا: ’’یہ ایک سنگین اور مہلک مرض ہے، جس دل میں جاگزیں ہوجاتاہے تواس کا مزاج بگڑجاتاہے اور اس کا علاج دشوارہوجاتاہے۔ یہ مرض کسی طرح پیچھا نہیں چھوڑتا۔ کوئی دوا کام نہیں کرتی۔ اطباء اس کے علاج سے مایوس ہوجاتے ہیں اور حکماء اس کی شفایابی سے بے بس ہوجاتے ہیں۔‘‘ جب انسان کے دل میں دنیا کی محبت جاگزیں ہوتی ہے تووہ درازی عمراورکثرت مال کا خواہاں ہوجاتاہے۔ اللہ تعالیٰ نے اسے یہودکی خصلت ِ بدقراردیتے ہوئے فرمایاہے: ’’تم انہیں سب سے بڑھ کرجینے کا حریص پاؤگے حتیٰ کہ یہ اس معاملے میں مشرکوں سے بھی بڑھے ہوئے ہیں، ان میں سے ایک ایک شخص یہ چاہتاہے کہ کسی طرح ہزار برس جیے،حالانکہ لمبی عمربہرحال اسے عذاب سے دورنہیں پھینک سکتی،جیسے کچھ اعمال یہ کررہے ہیں ،اللہ توانھیں دیکھ ہی رہاہے۔ ‘‘(البقرہ)۔
جب انسان دنیا کا گرویدہ ہوجاتاہے تووہ اندھاہوکررہ جاتاہے،اسے اچھا برا کچھ سجھائی نہیں دیتا،اس کا دل پتھرکی طرح سخت ہوجاتاہے۔ اسے اپنے مفادکے علاوہ کسی سے کوئی سروکارنہیں رہتا۔ وہ عیش وآسائش کی اس دلدل میں ایساپھنستاہے کہ پھراس سے نکلنا اس کیلئے مشکل ہوجاتاہے، جوموت کی یاداسے اس دلدل سے نکال سکتی تھی مگراسے وہ فراموش کردیتاہے۔ دنیا کے لہو ولعب میں مصروف ہوکر لایعنی چیزوں میں مبتلا ہوجاتاہے۔ اس طرح وہ مسلسل دھوکے میں رہتاہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ’’خوب جان لوکہ یہ دنیا کی زندگی اس کے سواکچھ نہیں کہ ایک کھیل اور دل لگی اور ظاہری ٹیپ ٹاپ اور تمہارا آپس میں ایک دوسرے پر فخرجتانا اور مال واولاد میں ایک دوسرے سے بڑھ جانے کی کوشش کرنا ہے، اس کی مثال ایسی ہے جیسے ایک بارش ہوگئی تواس سے پیدا ہونے والی نباتات کودیکھ کر کاشت کارخوش ہوگئے پھروہی کھیتی پک جاتی ہے اور تم دیکھتے ہو کہ وہ زرد ہوگئی، پھروہ بھْس بن کررہ جاتی ہے، اس کے برعکس آخرت وہ جگہ ہے جہاں سخت عذاب ہے اور اللہ کی مغفرت اور اس کی خوشنودی ہے، دنیاکی زندگی ایک دھوکے کے سامان کے سواکچھ نہیں ۔ ‘‘ (الحدید20)۔ دنیا کی محبت انسان کے اندرسے انفاق اور ایثارکا جذبہ ختم کردیتی ہے۔ پھروہ اجتماعیت کی زندگی سے ہٹ کرذاتی منفعت کے حصول میں زندگی گزارنے لگتاہے۔
دوسروں کے لئے اس کے دل میں نرمی یا ہمدردی باقی نہیں رہتی۔ وہ اس بات سے غافل ہوجاتاہے کہ وہ جس جگہ رہ رہاہے اس کا پڑوسی کس حال میں ہے چہ جائے کہ وہ خدمت خلق کے دیگر کام انجام دے جبکہ نبی کریم نے فرمایا: ’’وہ مجھ پر ایمان نہیں رکھتا جو خودتوسیرہوکرکھائے اور مزے کی نیندلے اور اس کا پڑوسی بھوکا ہو۔‘‘(ترمذی)۔ یہ کتنی عجیب بات ہے کہ انسان اس دنیا میں اتنا مست رہتا ہے اور اس کی محبت میں اس قدرمگن رہتاہے کہ اسے کچھ احساس نہیں کہ وہ دن مہینے اور سال کھورہا ہے۔ ا س قدرغافل ہے کہ اس فانی زندگی کے عوض آخرت کی زندگی کوفراموش کررہاہے جوباقی رہنے والی ہے۔
ارشاد ِ ربانی ہے: ’’جورزق ہم نے تمہیں دیاہے اس میں سے خرچ کروقبل اسکے کہ تم میں سے کسی کی موت کا وقت آجائے اور اس وقت وہ کہے کہ:اے میرے رب!کیوں نہ تُونے مجھے تھوڑی سی مہلت اور دیدی کہ میں صدقہ دیتااورصالح لوگوں میں شامل ہوجاتا حالانکہ جب کسی کی مہلت عمل پوری ہونے کا وقت آجاتاہے تو اللہ کسی شخص کو ہرگزمزیدمہلت نہیں دیتااورجوکچھ تم کرتے ہو،اللہ اس سے باخبرہے۔ ‘‘ (المنافقون11,10)۔
بعض حکمانے ایسے لوگوں پر اظہارتأسف کرتے ہوئے کہا: ’’وہ شخص دنیا پاکر کیوں خوش رہ سکتاہے جس کے دن،مہینے ،سال تیزی سے گزررہے ہوں اور اس کی زندگی موت سے قریب ہورہی ہو۔ ‘‘ یہ بات درست ہے کہ دنیا کے بہت سے کام ایسے ہیں جن کیلئے دنیاوی وسائل کی ضرورت پڑتی ہے۔ ان کے بغیر زندگی گزارنا محال ہے۔ انسان کی زندگی اور دنیاکی مثال کشتی اور پانی کی سی ہے جوایک دوسرے کیلئے لازم اور ملزوم ہیں کیونکہ کشتی پانی پر ہی چلتی ہے ،مگریہ بات پیش نظررہنی چاہیے کہ اگرکشتی میں پانی بھرجائے تو کشتی تباہ وبربادہوکررہ جاتی ہے، لہذا دنیا اور اس کی محبت اگر انسان کے سینے میں بھرجائے تواس کا ہلاک ہونا اور اس کی آخرت کا تباہ وبربادہونا یقینی ہے۔ موجودہ دورمیں لوگ مسلمانوں کے بہت سے مسائل اور پریشانیوں کا ذکرکرتے ہیں اور ان کوبنیادبناکراسے دنیاحاصل کرنے کی دوڑمیں پیچھے رہ جانے کی وجہ قراردیتے ہیںجبکہ حقیقت میں یہ کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ ایک مسلمان کی کامیابی اخروی فلاح نجات میں ہے اسی میں دنیاوی مسائل کا حل بھی مضمرہے البتہ ہم دیکھتے ہیں کہ وہ لوگ بھی اس مقابلے میں بہت پیچھے ہیں جن کے پاس مسلمانوں کی طرح دنیاکا حصول اتنابڑامسئلہ نہیں بلکہ عیش وآرام اور ٹھاٹ باٹ کی زندگی جی رہے ہیں ،مثلاً موجودہ دورکے کلیدی عہدوں پر فائزہوس پرست ذمہ داران وسیاسی لیڈران جن کے ذلت آمیز، شرمناک اور غیراخلاقی واقعات کی خبریں آئے دن اخبارات کی زینت بن رہی ہیں۔ شیطانی گروہ مسلسل کوشش میں ہے کہ دنیا کی محبت مومن کے دل میں ڈال دے۔ یہ دنیامختلف صورتوں میں جلوہ گرہوتی اور مومنوں کولبھانے کی کوشش میں رہتی ہے۔ مسلمانوں کواللہ تعالیٰ کا فرمان اور اسکے رسول کی تعلیمات کو ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے دنیا کے مکروفریب سے دور رہنا چاہیے کیونکہ حبِ دنیا ایمان کے منافی ہے۔

شیئر: