برطانوی ساحل کے قریب بحری جہازوں میں ٹکر کے بعد آگ لگ گئی، 32 زخمی
ٹی وی پر نشر کیے گئے امیجز میں ایک جہاز پر لگی آگ سے دھویں کے کثیف بادل اُٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
برطانوی ساحل کے قریب سمندر میں دو بحری جہازوں کے ٹکرانے کے حادثے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پیر کو انگلینڈ کے شمال مشرقی ساحل کے قریب ایک کیمیکل ٹینکر اور کنٹینر شپ کی ٹکر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایک جہاز کو آگ کے شعلوں میں لپٹے دیکھا گیا۔
حکام نے بتایا ہے کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو بھیجا گیا جبکہ کوسٹ گارڈ ایجنسی کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر، ایک چھوٹے جہاز، لائف بوٹس اور قریب موجود آگ بجھانے کی صلاحیت رکھنے والے جہازوں کو ہنگامی مدد کے لیے کہا گیا۔
پورٹ گرمسبے ایسٹ کے چیف ایگزیکٹیو نے بتایا کہ 32 افراد کو ساحل پر زخمی حالت میں لایا گیا جن کو ایمبولینسز کے ذریعے قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ زخمیوں کی حالت کیسی ہے۔
شپنگ انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق جن بحری جہازوں کو حادثہ پیش آیا اُن میں سے کیمیکل ٹینکر ’سٹینا اماکولیٹ‘ پر امریکی جھنڈا لہرا رہا تھا جبکہ دوسرا جہاز کا نام ’سولونگ‘ ہے جو پرتگال کی کمپنی کا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے کیمیکل ٹینکر کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو ایرک ہانیل نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں عملے کے تمام افراد محفوظ ہیں۔
ٹی وی پر نشر کیے گئے امیجز میں ایک جہاز پر لگی آگ سے دھویں کے کثیف بادل اُٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایمرجنسی رسپانس دینے والی رائل نیشنل لائف بوٹ انسٹیٹیوشن نے کہا ہے کہ ’ایسی اطلاعات ہیں کہ ٹکر ہونے کے بعد عملے کے متعدد افراد نے جہازوں سے چھلانگ لگا دی تھی اور دونوں جہازوں کو آگ لگی ہوئی ہے۔‘
