ریاض .... مکانات اور دکانوں کے کرائے ہوشربا حد تک بڑھ جانے کے بعد گرنے لگے۔ مکانات اور دکانوں کے مالکان پریشانی کا اظہار کرنے لگے۔ کرائے داروں نے تواصل ویب سائٹ سے گفتگو میں کہا کہ جدہ شہر کے ہر محلے میں مکانات کے کرایوںمیں کمی کا حال یکساں نہیں۔ الثغر محلے میں ایک عمار ت کے مالک نے سالانہ کرایہ 25ہزار ریال سے کم کرکے 23ہزار ریال کردیا۔ السامر محلے میں ایک مالک مکان نے 23ہزار کے بجائے 21ہزار کردیا جبکہ ایک اور مالک نے 35ہزار کے بجائے 27ہزار ریال کرایہ کردیا۔ اطلاعات یہ ہیں کہ الصفا اور الرحاب محلوں کے مکانات کے کرائے بھی گرنے لگے ہیں۔ میڈیا رپورٹ میں کہا جارہا ہے کہ ابھی تک غیر منقولہ جائدادوںکے مالکان کساد بازاری کی تلخ حقیقت قبول کرنے پر آمادہ نہیں۔ انہیں ابھی تک اس بات کا اندازہ نہیں کہ سعودی عرب میں پیش آنے والی تبدیلیاں ان سے کس بات کا تقاضا کررہی ہیں۔ کئی عمارتوں کے مالکان بھاری خسارہ برداشت کرنے کے باوجود مکانات خالی چھوڑے ہوئے ہیں او رکئی ایسے ہیں جو کرایہ داروں کے انتباہ کے باوجود کرایوں میں تخفیف پر راضی نہیں۔