کراچی :قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے مجھے کوئی انعامی رقم نہیں دی، اب میں وعدے کے مطابق فلاحی اداروں کو ایک کروڑ روپے دینے کیلئے مشکل کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے میرے لیے ایک کروڑ روپے کے انعام کا علان کیا ہے، علم ہونے پر میں نے یہ رقم انڈس اسپتال اور ایدھی فاونڈیشن کو عطیہ کرنے کا اعلان کردیا تھا، مجھے اس میں سے کچھ نہیں ملا اور نہ ہی کسی نے کوئی رابطہ کیا ، میری اپنی اتنی استطاعت نہیں کہ اپنی جیب سے ایک کروڑ روپے دے سکوں۔ یونس خان نے کہا کہ چاہتا ہوں جن پیسوں کا اعلان ہوا ہے وہ مل جائیں تاکہ اپنا وعدہ پورا کرسکوں، وعدہ پورا نہ کرنے پر معافی مانگتا ہوں اگر مستقبل میں ایسا ہوا تو لازمی اپنا وعدہ پورا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ زلمی فاونڈیشن کے پی کے میں 100سے زائد پچز بناکر بہت اچھا کام کر رہی ہے ، کے پی کے میرا صوبہ ہے ، اس اقدام سے وہاں بنیادی سطح سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔یونس خان نے مزید کہا کہ مجھے پچھلے دنوں ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کی آفر ہوئی تھی ، جس میں کہا گیا کہ اگر آپ کو کھیلنا ہے تو ہم آپ کا نام ڈرافٹ میں دیدیں۔ سابق کپتان نے سوال کیا کہ کیا مجھے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے بعد ڈرافٹ کے ذریعے ڈومیسٹک کھیلنی چاہیے، مجھے اب کھیل کر کیا کرنا ہے ، انہیں اب میری کوچنگ اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد پاکستان کے پاس آگے بڑھنے کا اچھا موقع ہے، ہمارے بڑوں کو مستقبل کے بارے میں کچھ سوچنا چاہیے۔