مدینہ منورہ.... وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے کہا ہے کہ حج کو سیاسی رنگ دینے کی کسی طرح اجازت نہیں دی جائیگی ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور انکے نائب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں بہترین حج انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر حج و عمرہ مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قائم وزارت حج و عمرہ کے اچانک دورے کے موقع پر اخبارنویسوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہو ںنے مزید کہا مملکت کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے وزارت حج سمیت دیگر اداروں کو موصولہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ حج انتظامات میںکسی قسم کی کمی نہ رکھی جائے ، تمام ممالک کے عازمین حج بشمول ایران اور قطر سے آنے والے ہمارے بھائیوں کو بہترین خدمات اور معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ آرام سے فریضہ حج اداکرسکیں ۔ حج خدمات کی فراہمی میں کوئی امتیاز نہ برتا جائے ۔ ضیوف الرحمان کو مثالی سہولتوں کی فراہمی کےلئے موصولہ احکامات کے مطابق وزارت حج بہترین انداز میں کام کررہی ہے ۔ وزیر حج و عمرہ نے مزید کہا کہ وزارت کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ضیوف الرحمان کے استقبال اور انہیں بہترین خدمات فراہم کرنے کےلئے تمام تر انتظامات کر لئے گئے ہیں جبکہ وزرات حج کے تحت کام کرنے والے تمام اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ضیوف الرحمان کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ وزرات حج کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مختلف مقامات پر شکایات سینٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں عازمین حج اپنی شکایات اور تجاویز سے مطلع کر سکتے ہیں ۔ وزیر حج نے مزید کہا کہ وزارت کی جانب سے فرضی حج اداروں کےخلاف جامع انداز میں کام کیاگیا ہے تاکہ اندرونِ مملکت فریضہ حج ادا کرنے والوں کو فرضی حج اداروں سے بچایا جاسکے ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ امسال 20 لاکھ سے زائد عازمین حج کی آمد متوقع ہے جنہیں بہترین خدمات فراہم کرنے کےلئے مرتب کی جانے والی جامع حکمت عملی پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ وزیر حج و عمرہ نے حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے کا اچانک دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا ۔ وزیر حج نے الہجرہ روڈ پر عازمین کے استقبالی کیمپ اور دفاتر کا بھی دورہ کیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔