راولپنڈی .... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئین سے آرٹیکل 62,63 نکالنے کی ساز ش کی جا رہی ہے۔ اگر ایسا کیا گیا تو احتجاج کریں گے۔ لاکھوں افراد کو سڑکوں پر نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر ڈرا مہ رچایاگیا ۔ میں نے یہ دکھ بھری تقریر سنی کہ مجھے کیوں نکالا گیا۔ ہفتے کی رات راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف سارا ڈرامہ نیب اور سپریم کورٹ کو دباو میں لانے کے لئے کررہے ہیں۔ نیب نے اب تک حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اپیل نہیں کی۔ کہیں اس پر نواز شریف کا دباو تو نہیں ۔ جی ٹی روڈ پر ایک سازش پاکستان کی سپریم کورٹ کے خلاف نظر آگئی۔دوسری سازش پاک فوج کے خلاف نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے 30 برسوں سے اداروں کو اپنے قبضے میں رکھا تھا لیکن پہلی مرتبہ عدالت اور جے آئی ٹی کو قابو نہیں کرپایا جسے وہ سازش کہتے ہیں لیکن یہ سازش نہیں بلکہ نیا پاکستان ہے۔انہوں نے کہا کہ اب اپنی عدلیہ کی حفاظت کرنی ہے کیونکہ انہوں نے پہلے بھی عدلیہ پر حملہ کیا اور کئی ججوں پر پیسہ چلایا اس لئے جب بھی وقت آئے گا یہ قوم اٹھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں آج شیخ رشید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔کسی کی تعریف نہیں کرتا لیکن آج کررہا ہوں کیونکہ آپ نے گزشتہ 9 برسوں میں سیاسی مافیا کے خلاف جو جنگ لڑی ہے۔آپ نے شیخ رشید سے کیا سیکھا ہے وہ یہ ہے کہ طاقت ور کے سامنے کلمہ حق کیسے کہنا ہے۔