Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الخبر: نماز عید کے بعد محلے کے لوگوں کی 40 سالہ روایت کیا ہے؟

عید ناشتہ دسترخوان میں شہری اور غیرملکی شریک ہوتے ہیں۔ (فوٹو العربیہ چینل)
الخبر کے شمالی علاقے الراکہ میں نماز عید کے بعد محلے کے لوگ اکٹھے ’عید ناشتہ‘ کرنے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں۔
العربیہ چینل نے اس حوالے سے ویڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ الراکہ محلے میں نماز عید کے بعد ایک چوک پر ایک شہری عبداللہ الخلیوی  اونچی آواز سے سب کو ناشتے کی دعوت عام دے  رہا ہے۔

یہ روایت باب دادا کے دور سے جاری ہے۔ (فوٹو العربیہ چینل)

العربیہ چینل کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ناشتے کے انتظامات سنبھالنے والے الخلیوی کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں یہ  روایت 40 سال سے جاری ہے اور عید کی نماز کے بعد تمام لوگوں کو معلوم ہے اس لیے دور دور سے لوگ اس روایت کا نظارہ کرنے آتے ہیں۔
شہری نے مزید کہا کہ اس موقع پر علاقے کے دیگر لوگوں سے ملاقات ہوتی ہے۔ اس موقع پر عید ناشتہ دسترخوان پر شہری اور غیرملکی سبھی شریک ہوتے ہیں۔

دوسرے علاقے کے لوگ بھی آتے ہیں۔ (فوٹو العربیہ چینل)

الخلیوی کا کہنا تھا کہ اس دسترخوان کو لوگ اپنے روایتی پکوانوں سے بھر دیتے ہیں جو عید کے موقع پر شہریوں اور غیرملکیوں کی محبت کی مثال ہے۔
عبداللہ الخلیوی نے بتایا کہ یہ رواج ہمارے باپ دادا کے دور سے چلا آرہا ہے اور ہم اسے آج تک جاری رکھے ہوئے ہیں۔
الخلیوی کا کہنا تھا کہ اس میں محلے کے 500 سے زیادہ لوگ شامل ہوتے ہیں اور 120 سے زیادہ پکوان اہل محلہ تیار کرکے گھر سے لاتے ہیں اور عید ناشتہ دسترخوان پر سجاتے ہیں۔

شیئر: